Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آمدن سے زائد اثاثوں کا معاملہ: فرح خان اور شوہر نے نیب طلبی پر جواب جمع کرا دیا

فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو نیب نے جمعرات کو طلبی کے نوٹس جاری کر رکھے ہیں (فوٹو: اے پی پی)
فرح خان المعروف فرحت شہزادی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر نے نیب طلبی نوٹس پر ایڈوکیٹ اظہر صدیق کے توسط سے جواب جمع کرا دیا ہے۔
جمعرات کو نیب میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ ریفرنس دائر کرنے سے قبل نیب نے کردار کشی پر مبنی پریس ریلیز جاری کی جو قانون کی خلاف ورزی ہے، نیب کے سیکشن 33 F کے تحت کسی بھی ملزم کو عدالت ہی قانونی ضابطے کے بعد مجرم قرار دے سکتی ہے۔
طلبی نوٹس پر جواب میں مزید بتایا گیا ہے کہ عدالت قانونی ضابطے کے بعد شواہد نہ ملنے پر ملزم کو بری کرنے کا بھی اختیار رکھتی ہے، نیب کے سیکشن 33G  کے تحت پریس ریلیز کےذریعے کردار کشی کرنا قابل گرفت ہے۔
 نیب کو جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب کردار کشی کرنے پر پہلے ذمہ دار متعلقہ افسران کو سزا دے، نیب کو پرائیویٹ بزنس کے معاملے میں تحقیقات کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
تحریری جواب میں فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے کاروبار کے متعلق وضاحت بھی دی گئی ہے۔
جواب میں لکھا ہے کہ ’فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کا اپنا کاروبار ہے۔ نیب کی جانب سے کاروباری معاملے کی تحقیقات اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز ہے۔ جن بینک اکاؤنٹس کو بنیاد بنا کر چھان بین شروع کی گئی ہے وہ پہلے سے ظاہر کردہ ہیں۔‘
نیب طلبی نوٹس پر جواب میں تحریر کیا گیا ہے کہ فرح خان اور ان کے شوہر نیب کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو نیب نے جمعرات کو طلبی کے نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

شیئر: