Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طوفانی بارشیں اور تیز ہوائیں، کے پی میں مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک

نگران وزیراعلٰی اعظم خان نے کہا ہے کہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ (فوٹو: ریسکیو 1122)
صوبہ خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں سے چھ افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بنوں میں بارشوں سے مختلف واقعات میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پشاور میں مختلف مقامات پر طوفانی بارش سے ایک بچہ اور ایک مرد ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق پشاور کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشِ کی وجہ سے شہر سمیت مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
’شدید بارش کی وجہ بڈھ بیر ماموں زئی اور بڈھ بیر گلبہار میں دیوار گر گئی۔ نشتر آباد کامرس کالج کے ساتھ مسجد کا شیڈ گر گیا جبکہ گورنر ہاؤس میں درختوں کے گرنے کا واقعہ پیش آیا۔‘
خیبر پختنونخوا کے نگران وزیراعلٰی اعظم خان نے طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو متاثرہ مقامات پر فوری ریلیف سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نگران وزیراعلٰی نے کہا ہے کہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔
خیال رہے کہ 10 جون کو بھی صوبہ خیبر پختونخوا میں آندھی اور طوفان کے باعث 25 افراد ہلاک اور 145 زخمی ہو گئے تھے۔ 69 گھروں کو جزوی نقصان بھی پہنچا۔

شیئر: