Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کوالیفائر: اعصاب شکن مقابلے کے بعد سکاٹ لینڈ کی آئرلینڈ کو شکست

ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں سکاٹ لینڈ نے آئرلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی (فوٹو: آئی سی سی)
زمبابوے میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں سکاٹ لینڈ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد آئرلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
بدھ کے روز بلاوایو میں دو میچز کھیلے گئے جس میں سکاٹ لینڈ نے آئرلینڈ کو ایک وکٹ جبکہ عمان نے یو اے ای کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔
آئرلینڈ کے خلاف سکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد آئرلینڈ نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز سکور کیے۔
آئرلینڈ کی جانب سے کرٹِس کیمفر نے 120، جارج ڈوک ریل نے 69 اور اینڈی مکبرائن نے 32 رنز بنائے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by ICC (@icc)

سکاٹ لینڈ کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے برینڈن مکمُولین نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کرس سول اور مارک واٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آئرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 287 رنز کا ہدف سکاٹ لینڈ نے اننگز کی آخری گیند پر حاصل کیا۔
ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کے ابتدائی 7 بیٹرز 152 رنز پر آؤٹ ہوگئے تاہم مائیکل لِیسک اور مارک واٹ کی شاندار پارٹنر شپ نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔
مائیکل لِیسک نے 61 گیندوں پر چار چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے جبکہ مارک واٹ نے 43 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by ICC (@icc)

سکاٹ لینڈ کو اننگز کی آخری گیند پر دو رنز درکار تھے کہ مائیکل لِیسک نے مارک اڈائیر کی گیند پر چوکا رسید کر دیا۔
دوسری جانب ایونٹ کے آٹھویں میچ میں عمان نے یو اے ای کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد یو اے ای نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔
یو اے ای کی جانب سے آیان افضل خان نے 58، وِرِتیا اراوند نے 49، اور رمیز شہزاد نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔
عمانی ٹیم کی جانب سے جے اوڈیڈرا نے تین جبکہ بلال خان اور فیاض بٹ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یو اے ای کی اننگز کے جواب میں عمان نے 228 رنز کا ہدف 46 اوورز میں بآسانی پانچ وکٹوں پر پورا کر لیا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by ICC (@icc)

عمان کی طرف سے بیٹنگ کرتے ہوئے عاقب الیاس نے 53، شعیب خان نے 52 اور محمد ندیم نے 50 رنز بنائے جبکہ یو اے ای کی جانب سے روحان مصطفی اور جنید صدیقی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اگر ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو گروپ اے میں زمبابوے چار پوائںٹس کے ساتھ پہلے، ویسٹ انڈیز دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیپال دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ امریکہ اور نیدرلینڈز بغیر کسی پوائنٹ کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
اسی طرح گروپ بی میں عمان چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے، سری لنکا دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، سکاٹ لینڈ دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ آئرلینڈ اور یو اے ای بغیر کسی پوائنٹ کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

شیئر: