Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واشنگٹن میں تین دھماکے، ملوث افراد کی اطلاع دینے پر 20 ہزار ڈالر کا انعام

پولیس کی جانب سے مشتبہ شخص اور گاڑی کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے (فوٹو: واشنگٹن پولیس)
امریکی دارالحکومت واشنگٹن کی پولیس نے اتوار کو ہونے والے دھماکوں میں ملوث افراد کے بارے میں اطلاع دینے والوں کے لیے 20 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تینوں دھماکے مختلف سٹورز پر 15 منٹ کے درمیان ہوئے تھے۔
شہر کے شمال مشرقی حصے میں صبح کے وقت ہونے والے دھماکوں میں چھٹی ہونے کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ کوئی زخمی بھی نہیں ہوا تھا تاہم عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔
پولیس کے مطابق ’دھماکوں میں سے ایک میں کسی نے دیسی ساختہ پیٹرول بم پھینکا تھا اور گاڑی میں فرار ہو گیا تھا۔‘
’دوسرے دو دھماکوں میں سے ایک اے ٹی ایم اور دوسرا سٹور کے سامنے ہوا تھا، اے ٹی ایم میں کوئی موجود نہیں تھا جبکہ سٹور ابھی بند تھا۔‘
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ تینوں واقعات میں کتنے ملزمان ملوث ہیں اور پولیس کتنے ملزمان کی تلاش کر رہی ہے تاہم حکام نے ایک مشتبہ شخص کی تصویر جاری کی ہے جس میں ایک گاڑی بھی نظر آ رہی ہے جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہی حملے کے وقت استعمال کی گئی۔
اس تصویر میں مشتبہ شخص کا چہرہ دوسری جانب ہے اور واضح طور پر نظر نہیں آ رہا۔
اس شخص نے سفید رنگ کی جیکٹ یا ہوڈی پہن رکھی ہے اور گاڑی پر میری لینڈ کی لائسنس پلیٹ بھی نظر آ رہی ہے۔
امریکہ کے دوسرے بڑے شہروں کی طرح واشنگٹن میں بھی حالیہ برسوں کے دوران جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پچھلے برس واشنگٹن پوسٹ میں چھپنے والے ایک مضمون میں خبردار کیا گیا تھا کہ ’شہر میں تشدد اور جرائم کی شرح تشویشناک ہے جو بہت بڑا مسئلہ بن سکتی ہے۔‘
رواں برس جون کے پہلے ہفتے تک امریکی دارالحکومت میں 100 سے زائد افراد قتل ہوئے جو کہ پچھلی دو دہائیوں میں بلند ترین شرح ہے۔

شیئر: