Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آرمی چیف پر حملے کی مہم کو پوری قوت سے روکیں گے‘

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نو مئی کو ایسی ہی ذہن سازی کی گئی تھی (فوٹو: سکرین گریب)
وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’نو مئی کو بھی ایسی ہی ذہن سازی کی گئی تھی۔‘
اتوار کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’نو مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام دیتا ہوں کہ اداروں کے خلاف ہر سازش کو کچل دیا جائے گا۔‘
’آرمی چیف کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی عدم استحکام کے لیے پھر سے سرگرم عمل ہیں۔
ان کے بقول ’یہ شہدا کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کے سلسلے کی ہی کڑی ہے۔‘
انہوں نے متعلقہ اداروں کو مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار رائے کے زمرے میں نہیں آتا۔ یہ سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے۔‘

شیئر: