Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعظم خان کا ’اقبالی بیان‘: عمران خان نے سائفر کا ’جھوٹا اور بے بنیاد‘ بیانیہ بنایا

عمران خان نے اعظم خان سے منسوب بیان کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے دفعہ 164 اور دفعہ 161 کے تحت اپنا تفصیلی بیان مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کرایا ہے کہ سائفر کا ’جھوٹا اور بے بنیاد‘ بیانیہ بنایا گیا۔
اعظم خان کا بیان سامنے آنے کے بعد بدھ کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے عمران خان کو 25 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔ ایف آئی اے نے ایک نوٹس میں عمران خان کو سائفر سے متعلق دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بدھ کو مقامی میڈیا نے بتایا کہ سائفر تحقیقات کیس میں 164 کے تحت اعظم خان کا بیان ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے سائفر کو ’ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔‘   
اعظم خان کے مبینہ بیان کے مطابق سابق وزیراعظم نے تمام حقائق کو چھپا کر ’سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا اور تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے سائفر کو بیرونی سازش کا رنگ دیا۔‘ 
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اپنے بیان میں اعظم خان نے کہا کہ ’سائفر کے معاملے پر تمام کابینہ ارکان کو ملوث کیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ سائفر کو کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سائفر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسے صرف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ یہ ڈرامہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔‘   
مقامی میڈیا کے مطابق اعظم خان نے مبینہ طور پر کہا کہ ’عمران خان نے 9 مارچ کو مجھ سے سائفر لے لیا اور بعد میں کہا کہ وہ کھو گیا ہے۔‘  
بدھ ہی کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک ٹویٹر بیان میں کہا کہ ‘وہ جمعرات کو سفارتی سائفر کے ’ڈرامے‘ کو بے نقاب کریں گے اور بتائیں گے کہ کس طرح ان کی حکومت کو گرایا گیا۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’مجھے نااہل کروانے اور جیل بھیجنے کی کوشش میں نااہل مجرموں کے ٹولے نے دوبارہ اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے۔‘
’انہوں نے مجھے ایک موقعہ فراہم کیا ہے کہ میں سائفر ڈرامے کو بے نقاب کروں۔ کل (جمعرات کو) میں غیر سنسرشدہ تفصیلات شیئر کروں گا کہ گذشتہ 17 برس میں سب سے بہتر معاشی کارکردگی دکھانے والی حکومت کو کس طرح گرایا گیا اور منی لانڈرنگ کرنے والے مجرموں کو اقتدار میں لایا گیا جنہوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ تفصیلات کسی ٹی وی ڈرامے سے زیادہ دلچسپ ہوں گی۔‘
اس سے قبل بدھ کو ہی عمران خان نے مقامی میڈیا پر اپنے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان سے منسوب نشر ہونے والے بیان کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔  
اسلام آباد ہائی کورٹ میں اعظم خان کے مبینہ بیان پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اعظم خان ایماندار آدمی ہیں۔ جب تک ان کے منہ سے نہیں سنوں گا ان سے منسوب کسی بیان کو نہیں مانوں گا۔‘   

شیئر: