Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میسی سے آٹوگراف لینے پر ملازم نوکری سے فارغ

لیونل میسی امریکہ کی فٹبال لیگ ایم ایل ایس کی ٹیم انٹر میامی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دنیائے فٹبال کے سپرسٹار لیونل میسی سے آٹوگراف لینے پر سٹیڈیم میں صفائی کرنے والے ملازم کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ’سپورٹس بائبل‘ کے مطابق سٹیڈیم میں صفائی کرنے والے ملازم کا کہنا ہے کہ انہیں لیونل میسی سے آٹوگراف لینے کی پاداش میں نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
لیونل میسی امریکہ کی فٹبال لیگ ایم ایل ایس کی ٹیم انٹر میامی کی نمائندگی کر رہے ہیں جس کے بعد امریکہ بھر میں ’میسی مینیا‘ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
امریکی شہری لیونل میسی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بیتاب ہیں اور گزشتہ ہفتے جب وہ امریکی شہر میامی میں معروف سپورٹس برینڈ ’ایڈیڈاز‘ کے سٹور میں تھے تو انہیں سینکڑوں مداحوں نے اپنے حصار میں لے لیا اور اپنے پسندیدہ سٹار کے ساتھ سب سے نے خوب سیلفیاں اور ویڈیوز بنوائیں۔
صرف یہی نہیں، بلکہ امریکہ کے فٹبال سٹیڈیمز میں کام کرنے والے ملازمین بھی لیونل میسی سے ملنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ایک ملازم کرسچن سالامانکا جنہیں صفائی کرنے والی ایک کمپنی نے نوکری پر رکھا تھا، وہ انٹر میامی اور اورلانڈو کے میچ کے دوران اپنی پہلی ہی شفٹ کے بعد ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
میچ کے دوران اپنی شفٹ پر آئے سالامانکا نے نیا یونیفارم پہنا ہوا تھا تاہم اُس کے نیچے انہوں نے ارجنٹینا کی شرٹ بھی پہن رکھی تھی۔ جب ٹیمیں سٹیڈیم پہنچیں تو انہیں ارجنٹینا کے لیجنڈ سے ملنے کا موقع مل گیا۔

سالامنکا نے میسی سے آٹوگراف لینے کو شاندار لمحہ قرار دیا ہے۔ (فوٹو: سپورٹس بائبل)

سالامانکا نے ارجنٹینا کے اخبار ’لا نیشن‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے وہاں باتھ رُوم صاف کرنے پڑتے ہیں جہاں ٹیموں کی بسیں پارک ہوتی ہیں۔ جب بسیں وہاں آئیں تو میں خوش قسمتی سے وہاں موجود تھا۔ بسوں سے تمام کھلاڑی باہر آئے اور سب سے آخر میں میسی باہر آئے۔
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’میں نے انہیں آواز دی، ہیلو ورلڈ چیمپئین۔ انہوں نے میری طرف مڑ کر دیکھا، میں نے اپنے یونیفارم کی شرٹ اٹھائی، جس کے نیچے میں نے ارجنٹینا کی شرٹ پہنی ہوئی تھی اور ہاتھ میں مارکر پکڑا ہوا تھا۔
ملازمت سے برطرف ہونے والے میسی کے فین نے مزید کہا کہ ’انہوں نے مجھے آٹوگراف دیا، اسی وقت سکیورٹی آ گئی، انہوں نے مجھے وہاں سے باہر نکال دیا اور نوکری سے نکال دیا، لیکن مجھے میسی سے مل کر بہت مزہ آیا ہے، وہ لمحہ شاندار تھا۔
خیال رہے خبروں کے مطابق فلوریڈا کے ڈی آر وی پی این کے سٹیڈیم میں کام کرنے والے ملازمین کو حکم دیا گیا ہے کہ میسی کو پریشان نہ کریں اور سروس کے دوران پروفیشنل رہیں۔

شیئر: