Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم آزادی کے دن اکشے کمار کو ’انڈین شہریت‘ مل گئی

اکشے کمار نئی فلم ’او مائی گاڈ 2‘ میں اداکار پنکج تریپاتھی کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آ رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی))
بالی وُڈ کے سپرسٹار اکشے کمار کو بالآخر انڈیا کی شہریت مل گئی ہے جس کے بعد وہ انڈین شہری بن گئے ہیں۔
اکشے کمار نے 15 اگست یعنی انڈیا کے 76 ویں یوم آزادی کے دن اپنی ٹویٹ میں اعلان کیا کہ انہیں انڈیا کی شہریت آفیشل طور پر مل گئی ہے۔
اکشے کمار اپنی ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ ’دل اور شہریت، دونوں ہندوستانی۔  یوم آزادی مبارک ہو۔‘
 
اداکار کو ملنے والی شہریت کے دستاویز پر اُن کا اصلی نام ’اکشے ہری اوم بھاٹیا‘ بھی لکھا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
یہاں یاد رہے اکشے کمار اس سے قبل کینیڈا کے شہری تھے جس کے باعث اُنہیں انٹرنیٹ پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق 2019 میں ہندوستان ٹائمز لیڈرشپ سَمٹ میں اکشے کمار نے وعدہ کیا تھا کہ وہ انڈین پاسپورٹ کے لیے جلد ایپلائی کریں گے۔
انہوں نے دوسری لیڈرشپ سمٹ میں کہا تھا کہ ’کینیڈا کا پاسپورٹ رکھنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ میں کوئی کم انڈین ہوں۔ میں اچھا بھلا انڈین ہوں۔‘
اکشے کمار نے مزید کہا کہ ’جی ہاں، میں نے 2019 میں یہ کہا تھا کہ میں پاسپورٹ کے لیے ایپلائی کروں گا۔ پھر اُس کے بعد کورونا وائرس کی وبا آ گئی۔ اُس کے دو ڈھائی سال سب کچھ بند ہو گیا۔ پاسپورٹ رِی ناؤنس کا میرا لیٹر آ گیا ہے اور بہت جلد میرا پاسپورٹ آ جائے گا۔‘
دوسری جانب اکشے کمار اپنی نئی فلم ’او مائی گاڈ 2‘ میں اداکار پنکج تریپاتھی کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آ رہے ہیں۔
اس فلم میں وہ کیمیو رول کر رہے ہیں تاہم اِس فلم میں اُن کا کردار 2011 میں اس فلم کے پہلے پارٹ جتنا مرکزی ہی ہے۔
او مائی گاڈ 2 نے پیر کو 12 کروڑ انڈین روپے کا کاروبار کرتے ہوئے مجموعی طور پر 55 کروڑ 17 لاکھ روپے کا باکس آفس بزنس کر لیا ہے۔

شیئر: