Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چہل قدمی کرتے ہوئے راحکیم کورنوال رن آؤٹ، ’شرمندگی کا باعث ہے‘

راحکیم کورنوال سی پی ایل میں بارباڈوس رائلز کی نمائندگی کرتے ہیں (فائل فوٹو: ویڈیو سکرین شاٹ)
ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی راحکیم کورنوال اس وقت سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو ہیں جس کی وجہ کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں ایک میچ کے دوران اُن کا مضحکہ خیز انداز میں رن آؤٹ ہونا ہے۔
جمعرات کو سی پی ایل کے ایک میچ میں سینٹ لوشیا کینگز نے راحکیم کورنوال کی ٹیم بارباڈوس رائلز کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا جس کو پورا کرنے کے لیے دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے راحکیم کورنوال اور کائل مایرز کو میدان میں اُتارا۔
وزن کے اعتبار سے سب سے بھاری سمجھے جانے والے آل راؤنڈر راحکیم کورنوال دوسری اننگز کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈین بیٹر نے لیگ سائیڈ پر شاٹ کھیلا اور فیلڈر کے ہاتھ سے گیند چھوٹ جانے کے باوجود وہ نان سٹرائیکر اینڈ پر نہ پہنچ سکے۔
چہل قدمی کے انداز میں رن لینے پر وہ اس وقت بھی سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو ہیں۔
سی پی ایل نے راحکیم کورنوال کی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے رن آؤٹ ہونے کو میچ کا ’میجک مومنٹ‘ قرار دیا۔
ایک صارف نے اعتراض اٹھایا کہ اس رن آؤٹ کو ’میجک مومنٹ‘ کیوں کہا گیا؟ انہوں نے لکھا کہ ’ایمانداری سے کہوں تو یہ انتہائی شرمندگی کا باعث ہے۔‘
سوربھ ملہوترا نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر راحکیم کورنوال کو پروفیشنل کرکٹ کھیلنی ہے تو انہیں کم سے کم اس سے بہتر کوشش کرنا ہوگی۔‘
انہوں نے رن آؤٹ ہونے کے طریقے پر تنقید کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’وہ اچھے کرکٹر ہیں لیکن یہ کسی بھی پروفیشنل کرکٹر کے لیے کافی نہیں۔‘

ایک اور صارف نے ویسٹ انڈین کرکٹر کے رن آؤٹ ہونے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر میں کوچ ہوتا تو یہ راحکیم کورنوال کا میری ٹیم کے لیے آخری میچ ہوتا۔‘

ماضی میں بھی راحکیم کورنوال کی فٹنس پر بات چیت ہوتی رہی ہے۔ ’کرک انفو‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ویسٹ انڈین کرکٹر نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں اپنی جسم کا ڈھانچہ نہیں بدل سکتا۔‘
’میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں بہت لمبا یا موٹا ہوں۔ ہر کوئی تو چھوٹا نہیں ہوسکتا اور ہر کوئی دُبلا بھی نہیں ہو سکتا۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں صرف اتنا کر سکتا ہوں کہ گراؤنڈ میں جا سکتا ہوں اور اپنی صلاحیتیں دکھا سکتا ہوں۔‘
ویسٹ انڈین کرکٹر کا یہ بھی کہنا تھا تھا کہ ’وہ اپنی فٹنس پر بہت دھیان دیتے ہیں اور غذا کا بھی خاص خیال رکھتے ہیں۔‘

شیئر: