Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحت مند جِلد، ملائم بال: کیلے کے مزید فوائد کون سے؟

کیلے میں ایسے بے شمار اجزا پائے جاتے ہیں جو صحت کے لیے مفید ہیں (فوٹو: پکسابے)
کیلا ایک مزیدار اور نسبتاً سستا پھل تو ہے ہی اور یہ سب جانتے بھی ہیں مگر یہ باتیں ان خصوصیات کے مقابلے میں بہت کم ہیں جو یہ اپنے اندر کسی خزانے کی مانند چھپائے ہوئے ہے، اور شاید یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر کیلے کو روزمرہ خوراک میں شامل کرنے پر زور دیتے ہیں۔
تاہم اس سوال کہ کیلے کھانے سے انسان کو کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں، کا جواب انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں دیا گیا ہے۔
 کیلے میں پوٹاشیم، وٹامن سی، وٹامن بی سکس، فائبر کی اچھی خاصی مقدار پائی جاتی ہے جبکہ اس میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں جبکہ یہ اینٹی آکسیڈنٹ بھی ہوتے ہیں۔
اسی طرح یہ انہظام کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دل کی صحت کے لیے مفید ہیں۔
وٹامن سی، وٹامن بی سکس اور پوٹاشیم بالوں اور جلد کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وٹامن سی جھریوں سے بچاتا ہے، اسی طرح وٹامن بی میلانن ذرات کو متحرک کرتا ہے جو بالوں اور جلد کی رنگت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پوٹاشیم جلد میں نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ یہی وہ چیز ہے جو بالوں کی نشوونما میں مدد دیتی ہے۔ اس سے بال ملائم ہو جاتے ہیں اور ٹوٹنے سے محفوظ رہتے ہیں۔
مجموعی طور پر کیلا صحت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کی ظاہری شخصیت کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
صحت بخش اجزا سے بھرپور
کیلے میں پوٹاشیم، وٹامن سی، وٹامن بی سکس اور فائبر کے ساتھ ساتھ میگنیشم بھی پایا جاتا ہے اور یہ تمام اجزا پورے جسم کی صحت کے لیے بہت اہم ہیں۔
دل کے لیے مفید
کیلے میں پوٹاشیم پایا جاتا ہے جس کو دل کی صحت بہتر رکھنے کے لیے اہم سجھاتا ہے اس کی بدولت بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے اور دل کی کارکردگی بھی معمول پر رہتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کیلے کھانے سے دل کے امراض کے خطرات کم ہوتے ہیں اور دل کے دورے سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

کیلے میں شامل اجزا دل کی صحت بہتر رکھنے میں کردار ادا کرتے ہیں (فوٹو: پکسابے)

نظام انہضام میں بہتری
کیلے میں موجود اعلٰی فائبر کی بدولت نظام انہضام صحت مند رہتا ہے۔ اس سے قبض کو روکنے میں مدد ملتی ہے جبکہ غذا ہضم ہونے کے حوالے دوسرے چھوٹے موٹے مسائل بھی حل ہو جاتے ہیں اور گیس کی شکایت بھی نہیں رہتی۔
تناؤ میں کمی کا ذریعہ
چونکہ کیلے میں ٹریپٹوفان پایا جاتا ہے جسے جسم سیروٹوفن میں تبدیل کر دیتا ہے اور یہ وہ چیز ہے جو انسان کے موڈ پر براہ راست اثرانداز ہوتی ہے اور اس سے طبیعت میں خوشگواری محسوس ہوتی ہے اور تناؤ میں کمی آتی ہے۔ اس لیے ماہرین کہتے ہیں کہ جو لوگ کیلے کھاتے ہیں وہ خوشگوار موڈ میں رہتے ہیں۔
وزن کے معاملے میں بھی مددگا
میٹھا ہونے کے باوجود کیلا دوسرے پھلوں کے مقابلے میں اپنے اندر بہت کم کیلوریز رکھتا ہے اس لیے وزن کے معاملے میں بھی اس کو بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔ اسی طرح اس میں چونکہ فائبر پایا جاتا ہے جس سے آپ کو زیادہ دیر تک بھوک کا احساس نہیں ہوتا اور انسانی غیرضروری اشیا کھانے سے بچا رہتا ہے۔
تھکاوٹ سے بچائے
کیلا جسم کو بھرپور توانائی دیتا ہے اس میں کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں۔ ورزش کرنے سے قبل کیلے کھانے سے نتائج میں بہتری آتی ہے اس طرح دن کے وقت کیلے کھانے سے تھکاوٹ کے خلاف مدافعت پیدا ہوتی ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی
کیلے میں جہاں اہم جزا موجود ہوتے ہیں وہیں میگنیشم اور پوٹاشیم بھی پایا جاتا ہے جو کہ ہڈیوں کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کیلوں کا باعدہ استعمال ہڈیوں کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے اور اوسٹیوپورسس کو روکتا ہے۔
قوت مدافعت کے لیے مددگار
کیلے وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں جس کو قوت مدافعت میں اہم حیثیت حاصل ہے اور یہ قوت مدافعت ہی ہوتی ہے جو آپ کو بیماریوں سے لڑنے کی طاقت دیتی ہے۔
ماہرین ساتھ ہی مشورہ بھی دیتے ہیں کہ اگرچہ کیلا بہت سے فوائد رکھتا ہے تاہم یہ ضروری ہے اس کو توازن کے ساتھ استعمال کیا جائے اور اس کے ساتھ دوسرے پھلوں کا استعمال بھی کیا جائے۔

شیئر: