Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایس آر ایم جی وینچرز کا انغامی میں 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

جمانا الراشد نے کہا کہ ’یہ طلب تجارتی مواقع کے ساتھ ڈیجیٹل آڈیو اور میڈیا کو ایس آر ایم جی وینچرز کے لیے سرمایہ کاری کی ترجیحات میں سے ایک بنا دیتا ہے۔‘ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) کے ایک ذیلی ادارے ایس آر ایم جی وینچرز نے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے کے ایک مشہور میوزک اور انٹرٹینمنٹ سٹریمنگ پلیٹ فارم انغامی میں 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایس آر ایم جی وینچرز نے پیر کو انغامی میں اس سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے کے سب سے بڑے میڈیا گروپ کی جانب سے یہ سرمایہ کاری خطے میں میوزک اور آڈیو انڈسٹری میں ہونے والی شاندار پیش رفت کو ظاہر کرتی ہے۔
ایس آر ایم جی وینچرز اپنی وسیع میڈیا رسائی، مواد کی لائبریری، اور آڈیو/پوڈکاسٹس میں سرکردہ اثاثوں کے پورٹ فولیو کے ذریعے انغامی کی ترقی کی رفتار کو تقویت دے گا اور اسے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبے میں ایک بڑا حصہ حاصل کرنے کے قابل بنائے گا جس کی 2026 میں 70 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
انغامی نے خود کو خطے میں ایک سرکردہ میوزک اور انٹرٹینمنٹ سٹریمنگ پلیٹ فارم کے طور پر منوایا ہے اور اس کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 12 کروڑ ہے۔ یہ تعداد سنہ 2021 میں سات کروڑ 50 لاکھ تھی اور اس میں شاندار اضافہ ہوا ہے۔
صارفین کی بڑی تعداد اور 10 کروڑ سے زیادہ گانوں پر مشتمل کیٹلاگ کا حامل انغامی عربی اور بین الاقوامی موسیقی، پوڈ کاسٹ اور تفریح کے لیے مشہور پلیٹ فارم ہے۔
سنہ 2012 میں لانچ ہونے کے بعد سے انغامی نے اپنے پورٹ فولیو کو میوزک سٹریمنگ سے آگے بڑھا دیا ہے۔
اب یہ ان ہاؤس پروڈکشنز، برانڈڈ میوزک اور ویڈیو مواد، کنسرٹس اور لائیو ایونٹس، عرب فنکاروں کے لیے ایک ریکارڈ لیبل، پوڈکاسٹ، لائیو تفریح کے ساتھ ایک میوزک لاؤنج، خصوصی اور اصلی عربی مواد کے ساتھ ساتھ اپنی مشہور میوزک سٹریمنگ سروس فراہم کرتا ہے۔
انغامی میں ایس آر ایم جی وینچرز کی سرمایہ کاری میڈیا انڈسٹری کے میوزک اور آڈیو سیگمنٹ میں اس کی منفرد اور نمایاں پوزیشن کی عکاسی کرتی ہے۔
اس سرمایہ کاری کے حوالے سے ایس آر ایم جی کی چیف ایگزیگٹو آفیسر (سی ای او) جمانا الراشد نے کہا ہے کہ ’مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے علاقے میں آڈیو کی کھپت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ صرف 2022 میں آڈیو مارکیٹ کے سائز میں 35 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ طلب تجارتی مواقع کے ساتھ ڈیجیٹل آڈیو اور میڈیا کو ایس آر ایم جی وینچرز کے لیے سرمایہ کاری کی ترجیحات میں سے ایک بنا دیتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ مواقع میڈیا ایکو سسٹم کی حمایت اور ترقی کے لیے ہماری حکمت عملی اور عزم کا بھی مظہر ہیں اور ایس آر ایم جی کی پیشکشوں اور خدمات کو مزید ترقی دینے اور بڑھانے کے لیے ایک عامل کے طور پر کام کرتے ہیں۔‘
انغامی کے شریک بانی اور سی ای او ایڈی مارون نے کہا کہ ’ایس آر ایم جی وینچرز کی یہ سرمایہ کاری انغامی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ علاقائی میڈیا کے ایک رہنما اور اختراع کار ایس آر ایم جی کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے انغامی موسیقی کے ایکوسسٹم میں  چیمپیئن بننے کے قابل ہو جائے گا۔‘

شیئر: