Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپوزیشن پر طنز، بی جے پی نے وزیراعظم مودی کو ’ٹرمینیٹر‘ کیوں قرار دیا؟

واضح رہے انڈیا میں لوک سبھا کے انتخابات اگلے سال 2024 میں منعقد ہوں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں اپوزیشن جماعتوں کے ممبئی میں ہونے والے اجلاس سے قبل حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وزیراعظم نریندر مودی کا ایک پوسٹر شیئر کیا ہے جس میں انہیں آرنلڈ شوازنیگر کا مشہورِ زمانہ کردار ’ٹرمینیٹر‘ قرار دیا گیا ہے۔
بی جے پی کی طرف سے ٹویٹ کیے گیے پوسٹر پر لکھا ہے ’2024، میں واپس آؤں گا۔‘ اس پوسٹر کا مقصد اپوزیشن جماعتوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ انڈیا میں مرکز میں اگلی حکومت بھی بی جے پی ہی بنائے گی۔
پوسٹر کے ساتھ ایک تحریر میں لکھا گیا ہے کہ ’اپوزیشن سمجھتی ہے کہ وزیراعظم مودی کو ہرایا جا سکتا ہے۔ خواب دیکھتے رہیں، ٹرمینیٹر ہمیشہ جیتتا ہے۔‘
واضح رہے انڈیا میں لوک سبھا کے انتخابات اگلے سال 2024 میں منعقد ہوں گے۔
بی جے پی اور اپوزیشن جماعتوں دونوں نے اگلے انتخابات کے لیے اجلاس 31 اگست اور یکم ستمبر کو بُلا رکھے ہیں۔
بی جے پی مخالف اتحاد میں کانگریس سمیت 26 جماعتیں شامل ہیں۔
دوسری جانب کچھ دن قبل ’انڈیا ٹوڈے‘ کی جانب سے کروائے گئے ایک سروے کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی انڈیا کے مقبول ترین سیاسی رہنما قرار پائے تھے۔
سروے ’موڈ آف دا نیشن‘ کے مطابق سروے میں حصہ لینے والے 52 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ وہ تیسری مرتبہ بھی ملک میں نریندر مودی کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔رواں مہینے کروائے جانے والے سروے کے دوران 63 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ بحیثیت وزیراعظم نریندر مودی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ چند مہینوں پہلے کرائے گئے ایک اور سروے کے مطابق انڈین وزیراعظم کی کارکردگی سے مطمئن افراد کی تعداد 72 فیصد تھی۔
سروے میں حصہ لینے والے 44 فیصد لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ 2024 میں ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کو صرف نریندر مودی کی وجہ سے ووٹ دیں گے۔
ملک کی ترقی اور ہندو مذہب کے پرچار جیسی وجوہات بھی سروے میں شامل تھیں لیکن زیادہ تر افراد کے خیال میں بی جے پی کو ووٹ دینے کے لیے صرف انڈین وزیراعظم کا چہرہ ہی کافی ہے۔
سروے میں شامل 52 فیصد افراد کا خیال ہے کہ ملک کا اگلا وزیراعظم بننے کے لیے نریندر مودی ایک اچھے امیدوار ہیں جبکہ 16 فیصد افراد نے کانگرس رہنما راہُل گاندھی کو ملک کا اگلا لیڈر بنتا دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شیئر: