Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کی حج 2024 کے انتظامات کے جائزے کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو حج 2024 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ (فوٹو: اے پی پی)
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے حج 2024 کے انتظامات کے جائزے کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت حج 2024 کے لیے پیشگی تیاریوں کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم نے نگران وزیرِ مذہبی امور انیق احمد اور سیکریٹری مذہبی امور کو اپنی نگرانی میں حج انتظامات کی پیشگی تیاری کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کو حکم دیا کہ حج 2023 کے حوالے سے حجاج کی شکایات پر جامع رپورٹ پیش کرے۔
وزیرِ اعظم کی وزارت مذہبی امور اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو باہمی اشتراک سے حجاج کی سہولیات اور شکایات کے اندراج کے لیے موبائل ایپلیکشن اور ویب سائٹ بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کرکے یہ یقینی بنایا جائے کہ ان کے توسط سے جانے والے حاجیوں کوبھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں۔
وزیر اعظم کی نجی حج کمپنیوں کے حوالے سے شکایات پر رپورٹ پیش کرنے اور اس نظام کے لیے اصلاحاتی کمیٹی بنانے کا کہا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ حجاج کے لیے کیے جانے والے انتظامات پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو حج 2024 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
 وزیرِ اعظم کی نگران وزیرِ مذہبی امور اور سیکریٹری مذہبی امور کو سعودیہ عرب کا دورہ کرنے، خود حج 2024 کی تیاری کی نگرانی کرنے اور مفصل رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں نگران وزیرِ مذہبی امور انیق احمد، سیکرٹری وزارت مذہبی امور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

شیئر: