Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کے انڈین صدر اور وزیر اعظم کو شکریے کے پیغامات

انڈیا کی مسلسل ترقی و خوشحالی کے حوالے  سے نیک خواہشات  کا اظہار کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انڈیا کا سرکاری دورہ مکمل کرکے  نئی دہلی سے روانگی کے بعد انڈین صدر اور وزیر اعظم کے نام شکریے کے پیغامات ارسال کیے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے انڈین صدر کے نام پیغام میں کہا کہ’ اپنے دوست ملک سے رخصت ہوتے وقت اپنے اور ہمراہ وفد کے پرتپاک استقبال اور فیاضانہ میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں‘۔
’اس حوالے سے آپ کا ممنون ہوں اور آپ کے لیے قدرو منزلت کے جذبات رکھتا ہوں‘۔
’اس دورے سے تمام شعبوں میں دونوں دوست ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت منوانے میں مدد ملی ہے۔ دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے مفادات میں معاون تعاون اور شراکت کے فروغ کی مشترکہ خواہش ابھر کر سامنے آئی ہے‘۔ 
شہزادہ  محمد بن سلمان نے انڈین صدر کے لیے خیر سگالی، انڈیا اور اس کے دوست عوام کے لیے  دائمی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
سعودی ولی عہد  نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے نام  پیغام میں کہا کہ ’پرتپاک استقبال اور فیاضانہ میزبانی پر دوست ملک اور آپ کے لیے ممنونیت کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں‘۔ 
شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ’ آپ کے ساتھ سرکاری مذاکرات نے باور کرادیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تعلقات مستحکم ہیں اور تمام شعبوں میں سٹراٹیجک شراکت کے استحکام کے لیے ایسی کوشش کی بڑی اہمیت ہے  جس سے دونوں دوست ملکوں اور اس کے عوام کے مفاد حاصل ہوں‘۔ 
انہوں نے سعودی انڈین سٹراٹیجک کونسل کے اجلاس کے مثبت نتائج کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون پر گہرا اثر پڑے گا‘۔ 
انہوں نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں جی 20 سربراہ کانفرنس کے مثبت نتائج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جی 20 سمٹ سے جو قراردادیں جاری ہوئی ہیں امید کرتے ہیں وہ  گروپ میں شامل ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ اور بین الاقوامی معیشت کی شرح نمو بہتر بنانے میں کافی مدد گار ثابت ہوں گی۔ 
شہزادہ محمد بن سلمان  نے پیغام  کے آخر میں نریندر مودی کے لیے خیر سگالی اور انڈیا نیز انڈین دوست عوام کے لیے مسلسل ترقی و خوشحالی کے حوالے  سے نیک خواہشات  کا اظہار کیا۔ 

شیئر: