Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کو بند کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، فلائٹ آپریشن جاری رہے گا: ترجمان

عبداللہ حفیظ خان کا کہنا تھا کہ ’پی آئی اے کا آپریشن تسلسل سے جاری ہے اور پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’قومی ایئرلائن کی بندش سے متعلق خدشات اور خبریں بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔‘
جمعہ کو قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے ایک بیان میں کہا کہ ’پی آئی اے سے متعلق ایک مخصوص حلقے کی جانب سے پھیلایا جانے والا اضطراب اور غلط فہمی بے بنیاد ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پی آئی اے کی بندش کی 15 ستمبر کی تاریخ دینے سے ایئرلائن کی ساکھ بہت مجروح ہوئی۔‘
’پی آئی اے انتظامیہ فنڈز کے اجرا میں مصروف تھی اور تقاضے مکمل کرکے انہیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔‘
حال ہی میں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ پی آئی اے انتظامیہ اپنے فلائٹ آپریشنز کو کم کر رہی ہے۔
حکومت کی جانب سے 23 ارب روپے کے بیل آؤٹ پیکج کی درخواست کو مسترد کرنے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ ایئرلائن ڈیفالٹ کے دہانے پر ہے۔
پاکستانی حکام نے اس سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے آپریشنل اخراجات کو پورا کرنے کے لیے خاطر خواہ فنڈز جاری کیے تھے۔
تاہم ایئرلائن کے اربوں روپے کے بقایاجات اور نقصانات جاری ہیں، جس کی وجہ سے حکومت اس کو بچانے سے قبل تنظیم نو کا منصوبہ تلاش کرنے پر مجبور ہو گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’پی آئی اے انتہائی ضروری ملکی اور بین الاقوامی ادائیگیاں کر رہی ہے۔ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی کر دی گئی ہے۔‘
عبداللہ حفیظ خان کا مزید کہنا تھا کہ ’پی آئی اے کا آپریشن تسلسل سے جاری ہے اور پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں۔‘
خیال رہے کہ پی آئی اے نے رواں ہفتے کے آغاز میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اس نے اپنے 31 میں سے 14 طیارے مالی بحران کی وجہ سے گراؤنڈ کر دیے ہیں۔

شیئر: