Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ریکارڈ اضافہ، ڈیزل بھی مزید مہنگا

پاکستان میں نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کیا ہے (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
پاکستان میں نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ بڑا اضافہ کیا ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 26 روپے 2 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 17 روپے 34 پیسے بڑھائی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جمعہ کی رات کو جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 331 روپے 68 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے ہو گئی ہے۔‘
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔‘
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ’بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے حکومت نے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا ہے۔‘
اس سے قبل ’یکم ستمبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 305 روپے 36 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 84 پیسے مقرر کی گئی تھی۔‘
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی حکومت نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران تیسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
نگراں وزیراعظم نے جب 14 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تو اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 272 روپے 95 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 273 روپے 40 پیسے تھی۔
اس طرح نگراں حکومت نے ایک ماہ کے دوران پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 58 روپے 78 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55 روپے 78 پیسے اضافہ کیا ہے۔

شیئر: