Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی ممالک اور امریکہ کا ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا خیرمقدم

اجلاس میں سعودی عرب، خلیجی ممالک اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ فوٹو: عرب نیوز
خلیجی ممالک اور امریکہ نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا خیر مقدم کیا اور خطے میں کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اجلاس کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں وزرا نے سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا خیر مقدم کیا تاکہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر خلیجی ممالک اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں
وزرا نے خطے میں جہاز رانی کی آزادی اور میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے عزم کو دہرایا۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ سمندری اور دیگر مقامات پر بھی غیرقانونی طریقوں کو روکا جائے جو جہاز رانی، بین الاقوامی تجارت اور خلیجی ممالک میں تیل کی تنصیات کے لیے خطرہ ہیں۔
وزرا نے ایران سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ڈرونز اور دیگر خطرناک ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکے جو خطے کی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
امریکہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے ایک علیحدہ اجلاس میں امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے ریاض کا دورہ کرنے والے یمنی وفد کی میزبانی کرنے پر سعودی اقدام کا خیرمقدم کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ مذاکرات کا مقصد ’یمن کی قیادت، اقوام متحدہ کی سرپرستی اور سعودی عرب کی یمنی حکومت کو 1.2 ارب ڈالر کی امداد‘ کے ذریعے 2014 سے جاری اس تنازعے کا حل نکالنا ہے۔
اسرائیل فلسطین تنازعے پر وزرا نے عرب امن اقدام اور دو ریاستی حل کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جامع امن کی تلاش کے لیے اپنے عزم کو اجاگر کیا۔
ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تین اماراتی جزیروں پر تنازعے سے متعلق وزرا نے امارات کی جانب سے پرامن حل کے مطالبے کی حمایت کی۔
کویت اور عراق سرحد کی حدبندی کے معاملے پر وزرا نے کویت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی کنونشنوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرنے پر عراق کے عزم کی اہمیت پر زور دیا۔

شیئر: