Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمام میں کار چوری کی انوکھی واردات، ویڈیو وائرل 

چور ورکشاپ میں کھڑی گاڑی مالک کے سامنے لے اڑا ( فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کے شہر دمام میں گاڑی کی چوری کی انوکھی واردات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق گاڑی کے مالک نے بتایا کہ’ گاڑی چوری کی واردات میری آنکھوں کے سامنے ہوئی‘۔ 
دمام میں گاڑیوں کی ایک ورکشاپ  کے سی سی کیمروں نے چوری کی واردات ریکارڈ کی ہے۔ 
ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے گاڑی ورکشاپ کے سامنے کھڑی ہے اورایک ورکر انجن کی مرمت کررہا ہے۔ اسی دوران چور اطمینان سے آیا گاڑی میں بیٹھا اور ریورس میں گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔ 
گاڑی کے مالک نے اس کا پیچھا کرکے پکڑنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہیں ہوسکا۔ کار چور تیزی سے گاڑی بھگا کر لے گیا حالانکہ  گاڑی کا بونٹ بھی کھلا ہوا تھا ۔ 
یاد رہے کہ محکمہ امن عامہ نے ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے گاڑی چوری کی آن لائن شکایت درج کرانے کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔
محکمے کا کہنا ہے گاڑی چوری کی رپورٹ ابشر کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ شکایت درج کرانے کے لیے پولیس سٹیشن جانا اب ضروری نہیں رہا۔ 

شیئر: