Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل انڈین اسکول تمام وسائل مہیا نہیں کرسکتے، حفظ الرحمان

نجی اسکولوں کی بہ نسبت فیس بہت کم لی جاتی ہے، بجٹ کے دائرے میں جو ممکن ہے کیا جارہا ہے، پرنسپل اور اسٹاف پر دباﺅ نہ ڈالا جائے ، فرسٹ سیکریٹری سفارتخانہ ہند
ریاض (کے این واصف) سفارتخانہ ہند کے زیر اہتمام چلنے والے انٹرنیشنل اسکولز میں ان کے وسائل کے مطابق ہی تعلیمی سہولتیں مہیا کی جاسکتی ہیں۔ تعلیم کے میدان میں آنے والی تمام جدید الیکٹرانکس ایجوکیشن ایڈز اور ان اسکولز میں مہیا نہیں کئے جاسکaتے ۔ یہ بات مملکت میں انڈین اسکولز کے نگراں ڈاکٹر حفظ الرحمان فرسٹ سیکریٹری سفارتخانہ ہند نے کہی۔ وہ انٹرنیشنل اسکول ریاض کے نومنتخب چیئرمین ڈاکٹر دلشاد احمد کی تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے۔ حفظ الرحمان انڈین اسکولز میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلئے پیش کردہ تجاویز کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈین اسکولز میں خانگی اسکولز کی نسبت بہت کم فیس لی جاتی ہے اور اس بجٹ کے دائرے میں جو کچھ کیا جاسکتا ہے وہ ان اسکولز میں کیا جاتا ہے۔ حفظ الرحمان نے انتظامی کمیٹی کے اراکین کو مشورہ دیا کہ وہ پرنسپل اور اسٹاف پر غیر ضروری دباﺅ ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔ اس تقریب کا اہتمام بہار فاﺅنڈیشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر چیئرمین بہار فاﺅنڈیشن عبید الرحمان نے کہا کہ گو کہ مملکت میں رہنے والے ہندوستانیوں کا تعلق صوبوں سے ہے مگر ہم یہاں صرف ہندوستانی ہیں۔ عبید الرحمان نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں انڈین اسکولز میں تعلیمی معیار بلند کرنے سے متعلق کچھ مشورے بھی دیئے تھے۔ اسی طرح دیگر مقررین نے بھی انڈین اسکولز میں تجدید ترین ایجوکیشن ا یڈز مہیا کرنے کی مانگ کی تھی۔ اس موقع پر سابق چیئرمین انڈین اسکولز ہائر بورڈ ڈاکٹر دلنواز رومی نے کہا کہ ماہر تعلیم اور اس میدان میں وسیع تجربہ رکھنے والے ڈاکٹر دلشاد احمد کو چیئرمین منتخب کرکے کمیٹی نے ایک قابل ستائش فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض ڈاکٹر دلشاد احمد نے کہا کہ وہ اسکول میں نظم و ضبط کے قیام کو اولین ترجیح دیں گے کیونکہ اسکولز کی کارکردگی میں ڈسپلن پہلی شرط ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولز میں طلباءکی گنجائش کے اعتبارسے ایک نئی اور بڑی بلڈنگ کا ہونا ناگزیر ہے۔ دلشاد نے بتایا کہ اسکول کی نئی بلڈنگ کے سلسلے میں تمام ابتدائی مراحل طے ہوچکے ہیں۔ بہت جلد تعمیر کا کام شروع ہوگا اور دو سال کے اندر نئی بلڈنگ تیار ہوجائیگی۔ ایک مقامی ریستوران کے ہال میں منعقد ہ اس تقریب کا آغاز قاری عبدالسلام کی قرات کلا م پاک سے ہوا۔ تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں عبید الرحمان کے ہدیہ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔

شیئر: