Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب 93 ویں یوم الوطنی پر سبز رنگ میں ڈھل گیا، ایکسپو 2030 کے لیے بھی تیار

سعودی عرب میں 93 واں یوم الوطنی روایتی جوش و خروش اور قومی فخر کے جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع مملکت کے مختلف بڑے شہروں اور علاقوں میں شہریوں نے منعقعد کی گئی تقریبات میں حصہ لیا۔
سعودی عرب کے بندرگاہی شہروں میں بحری جہازوں، میرین سکیورٹی کی سپیشل بوٹس، ہیلی کاپٹر کے ایئرشورز اور سعودی رائل ایئر فورس کے طیاروں نے فضا میں اُڑانیں بھریں۔
عرب نیوز کے مطابق سب سے زیادہ بے صبری سے انتظار کیے جانے والے ایونٹس میں سعودی ہاکس کا ایئر شو تھا، جو کہ رائل سعودی ایئر فورس کی ایروبیٹکس ٹیم انجام دیتی ہے۔ پائلٹوں نے اپنے چھ بی اے ای ہاک (ایم کے 65 اے) طیاروں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
گھوڑوں سے کھینچی جانے والی توپوں اور دیگر گاڑیوں نے ریاض میں فوجی مارچ میں حصہ لیا، اس پریڈ کے ساتھ بارڈر گارڈ، نیشنل گارڈ، اور رائل گارڈ کے موسیقار دے رہے تھے۔ یہ پریڈ شہزادہ محمد بن سعد بن عبدالعزیز روڈ سے قراون محلے میں ام عجلان پارک تک پہنچی۔
ریاض سٹی بلیوارڈ میں دیگر خصوصی تقریبات بھی ہوئیں جن میں آتش بازی، ڈرون شو اور روایتی لوک داستانیں شامل تھیں۔
سبق نیوز کے مطابق مملکت کے قومی پرچم کے رنگ کی مناسبت سے مختلف شہروں کے اہم سرکاری دفاتر، شاپنگ مالز اورنجی عمارتیں سبز رنگ کی روشنیوں سے منور ہیں۔ 
 بڑے شہروں کی اہم شاہراہوں پرقومی پرچم لہرائے گئے جبکہ سعودی مسلح افواج، شہری دفاع اورمختلف سرکاری اداروں کی جانب سے شوز بھی پیش کیے جارہے ہیں۔ 
ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف شہروں میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔  
جدہ میں کورنیش جانے والے راستوں پر بڑی تعداد میں ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں تاکہ لوگوں کو ازدحام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
 حائل پولیس کے ڈائریکٹر کرنل العتیبی کا کہنا ہے کہ ’ریجن میں اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جس کا مقصد خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھنا اور شاہراہوں پرٹریفک ازدحام پربھی قابو پانا ہے۔ 
 جدہ شہر میں بھی کورنیش پر مختلف اداروں کی جانب سے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں۔ فلاحی تنظیم کے تعاون سے خصوصی افراد کے ساتھ تفریحی پروگرام مرتب کیا گیا۔ 


شہروں کے اہم سرکاری دفاتر، شاپنگ مالز اور نجی عمارتیں سبز رنگ کی روشنیوں سے منور ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

یوم الوطنی کی یہ تقریبات اس بات کی ڈریس ریہرسل بھی ہیں کہ اگر سعودی عرب ایکسپو 2030 کی میزبانی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو کیا توقع کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈ ایکسپو 2030 کے میزبان ملک کے انتخاب کرنے کے لیے ووٹنگ رواں سال نومبر میں ہوگی۔
ایکسپو 2030 کی میزبانی کی دوڑ میں ریاض کے ساتھ کورین شہر پوسان، یوکرینی شہر اوڈیسا اور اٹلی کا روم شامل ہیں۔
ریاض ایکسپو 2030 کے لیے یکم اکتوبر 2030 کی تاریخ تجویز کی گئی ہے جو مارچ 2031 تک جاری رہے گا۔
یہ چینی کیلنڈر کے نئے سال، کرسمس اور رمضان کے ساتھ آرہا ہے۔ علاوہ ازیں یہی ایکسپو نمائشوں کی نگراں بین الاقوامی ایجنسی کی 100 ویں سالگرہ کا بھی وقت ہے۔

شیئر: