Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کی باکس آفس پر شاندار پرفارمنس، ہزار کروڑ انڈین روپے کما لیے  

’ڈنکی‘ میں شاہ رخ خان کے مدمقابل تاپسی پنو ہیروئن کا کردار نبھا رہی ہیں۔ (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھ رہی ہے اور پوری دنیا سے اس نے ایک ہزار کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق ’جوان‘ کی شاندار کامیابی کے حوالے  سے خبر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ایکٹر سنجے ملہوترا نے لکھا کہ ’تاریخ بن رہی ہے۔‘
’جوان‘ نے باکس آفس پر کامیابی کی تعریف ہی بدل دی ہے۔ فلم کی دلکش سٹوری لائن اور شاندار اداکاری کے مظاہر نے تاریخ کو دوبارہ لکھنے میں کردار ادا کیا ہے۔
فلم ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کی ہزار کروڑ روپے کمائی کے ساتھ شاہ رخ خان بالی وڈ کی تاریخ کے واحد اداکار بن گئے ہیں جن کی دو فلموں نے ایک برس کے دوران ایک ایک ہزار کروڑ روپے کما لیے ہیں۔
فلم کی شاندار کامیابی کے بعد، فلم سازوں نے حال ہی میں ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں شاہ رخ خان، دیپکا پاڈوکون، سانیہ ملہوترا، سنیل گروور اور ایٹلی نے شرکت کی تھی۔
فلم میں نایاتھرا، دیپکا پاڈوکون، پریامانی، سانیہ ملہوترا، ریڈھی ڈوگر، لہر خان، گریجا اوک اور سنجیتا بھٹاچاریا نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
فلم ’جوان‘ 7 سمتبر کو ریلیز کی گئی تھی جو کہ شاہ رخ خان کی جنوبی انڈیا کے ڈائریکٹر ایٹلی کی ہدایت کاری میں پہلی فلم ہے۔
فلم کو شائقین کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی ہے اور یہ چوتھی سب سے زیادہ کمانے والی ہندی فلم بن گئی ہے۔
پریس کانفرنس میں شاہ رخ خان نے اپنی آنے والی فلم ’ڈنکی‘ کی ریلیز کی تاریخ کا بھی اعلان کیا تھا۔
شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ ’ہم نے 26 جنوری یوم جمہوریہ سے پٹھان ریلیز کر کے شروعات کی تھی، پھر ہم نے جنمشتامی کی تہوار پر جوان ریلیز کی اور اب کرسمس اور نیو ایئر قریب ہے تو ہم ڈنکی ریلیز کریں گے۔‘
راجو ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں شاہ رخ خان کے مدمقابل تاپسی پنو ہیروئن کا کردار نبھا رہی ہیں۔  

شیئر: