سعودی پروگرام کے تحت یمن میں سپورٹس سہولتوں کی بحالی کا آغٓاز
ان منصوبوں کا مقصد یمن میں سپورٹس کی سرگرمیوں کو مضبوط بنانا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
یمن کی ترقی اور تعمیر نو کے سعودی پروگرام نے عدن میں سپورٹس کلب میں سہولتوں کی بحالی اور اپ گریڈ کرنے کےلیے چار منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔
تقریب میں یمن میں نوجوانوں اور کھیلوں کے وزیر نایف البکری، عدن کے گورنر احمد لملس اور عدن میں سعودی پروگرام کے دفتر کے ڈائریکٹر انجینیئر احمد مدخلی موجود تھے۔
ان منصوبوں کا مقصد یمن میں سپورٹس کی سرگرمیوں اور سماجی تعلق کو مضبوط بنانا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب عدن میں الجلا کلب، الجزیرہ کلب، الروضہ کلب اور البینا کلب کے لیے الگ الگ سٹیڈیم تیار کرائے گا۔
یمنی وزیر سپورٹس نایف البکری نے عدن میں چار کلبوں کے سٹیڈیم کے سنگ بنیاد پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کھیلوں اور نوجوانوں کو بڑا فائدہ ہوگا۔ یمن کی تعمیر و ترقی کے سعودی پروگرام سپورٹس تنصیبات کی بحالی کے سلسلے میں قابل قدر کاوشیں کررہا ہے۔
عدن میں سعودی عرب کے یہ منصوبے پورے ملک میں سپورٹس تنصیبات کے وسیع تر سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔
یاد رہے کہ یمن کی ترقی اور تعمیر نو کا سعودی پروگرام اب تک یمن کے 7 اہم شعبو ں میں 229 ترقیاتی منصوبے نافذ کرچکا ہے۔