Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی ورلڈ کپ میں انڈیا سے شکست کی روایت برقرار

روہت شرما نے 36 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 12 ویں میچ میں انڈیا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
انڈین ٹیم نے 192 رنز کا ہدف 31 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ کپتان روہت شرما نے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ شریاس آئیر 53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
سنیچر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ٹاس جیت کر انڈیا کے کپتان روہت شرما نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا اور پاکستانی ٹیم 43 ویں اوور میں 191 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 50 اور محمد رضوان 49 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ انڈیا کی جانب سے پانچ بولرز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ 
خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں آج تک پاکستان انڈیا کو نہیں ہرا سکا۔ دونوں کے درمیان اب تک ون ڈے ورلڈ کپ میں آٹھ میچز ہو چکے ہیں اور ان تمام میچوں میں انڈیا کو فتح حاصل ہوئی ہے۔

انڈیا کی اننگز

چھوٹے ہدف کے تعاقب میں انڈین اوپنرز نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا۔ تاہم شبھمن گِل تیسرے اوور میں 11 گیندوں پر 16 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
روہت شرما جنہوں نے گذشتہ میچ میں افغانستان کے خلاف شاندار سینچری سکور کی تھی۔ اس میچ میں بھی اسی مومینٹم میں نظر آئے اور پاکستان بولرز کو خود دھویا۔ ان کی وراٹ کوہلی کے ساتھ 56 رنز کی شراکت داری قائم یوئی جس کے بعد کوہلی، حسن علی کی ایک شارٹ پچ گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے 18 رنز بنائے۔
روہت شرما کے آگے پاکستانی بولرز بے بسی کی تصویر دکھائی دیے۔ حارث رؤف ایک سلو وکٹ پر شارٹ پچ گیندیں کر کے چھکے کھاتے رہے۔ روہت نے 36 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ ان کی شریاس آئیر کے ساتھ 77 رنز کی شراکت داری بنی۔ وہ 63 گیندوں پر چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 86 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

شریاس آئیر 53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے (فوٹو: اے ایف پی)

شریاس آئیر نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 62 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ وہ 53 اور کے ایل راہُل 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
انڈین بیٹرز نے اپنی اننگز میں 91 ڈاٹ بالز کھیلیں جبکہ 18 چوکے اور آٹھ چھکے لگائے۔

پاکستان کی اننگز

ورلڈ کپ کے اس انتہائی اہم میچ میں پاکستانی اوپنرز اپنی روایتی سوچ کے ساتھ ہی میدان میں اترے۔ اپنی بقا کی جدوجہد کرتی ون ڈے کرکٹ میں جہاں ہر ٹیم اپنے کھیل میں جارحیت لے آئی ہے، پاکستانی تھنک ٹینک اسی پرانی سوچ کو اپنائے ہوئے ہے۔
ابتدا میں امام احق نے محمد سراج کو ایک اوور میں تین چوکے لگائے تو لگا کہ شاید آج گرین شرٹس مختلف اپروچ کے ساتھ میدان میں اتری ہے لیکن جلد ہی یہ خیال بھولنا پڑا کیونکہ جہاں انڈین پیسرز نے بہترین لائن و لینتھ پر بولنگ کی وہیں پاکستانی اوپنرز بھی دفاعی پوزیشن پر رہے۔ 
پاکستان کو اپنا پہلا نقصان آٹھویں اوور میں اٹھانا پڑا اور عبداللہ شفیق 24 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنا کر محمد سراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

کلدیپ یادو نے پہلے سعود شکیل کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اوور کی آخری گیند پر افتخار احمد کو بولڈ کر دیا (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے بعد امام الحق بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور ہارڈک پانڈیا کی ایک باہر جاتی گیند پر ڈرائیو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کے ایل راُہل کو کیچ پکڑا بیٹھے۔ انہوں نے 38 گیندوں پر 36 رنز بنائے جس میں چھ چوکے شامل تھے۔
سٹیڈیم میں وہ مناظر بھی دیکھنے لائق رہے جب پاکستانی بیٹرز کے چوکوں پر انڈین شائقین کو سانپ سونگھ جاتا تھا۔
اوپنرز کے پویلین روانہ ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو سہارا دیا۔ اگرچہ دونوں نے محتاط اور سست کھیل کھیلا لیکن کئی دلکش باؤنڈریز بھی لگائیں۔
بابر نے 57 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے نصف سینچری مکمل کی۔ بابر جو کافی دیر سے میدان میں تھے اور لگ رہا تھا وہ رضوان کے ساتھ مل کر بڑا سکور بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن اس موقع پر محمد سراج نے پھر اپنی ٹیم کو بڑا بریک تھرو دلایا اور پاکستانی کپتان کو بولڈ کر دیا۔ ان کی محمد رضوان کے ساتھ 82 رنز کی شراکت داری بنی۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 36 رنز کے اضافے کے ساتھ سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے 57 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کلدیپ یادو نے پہلے سعود شکیل کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اوور کی آخری گیند پر افتخار احمد کو بولڈ کر دیا۔
محمد رضوان بدقسمت رہے اور اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے۔ وہ بمراہ کی ایک سلو گیند کو کھیلنے میں ناکام رہے اور بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے 69 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے۔
گرین شرٹس کے نائب کپتان شاداب خان جن کی کارکردگی پر آج کل ہر کوئی بات کر رہا ہے۔ اس میچ میں بھی ناکام رہے اور جسپریت بمراہ کی ایک خوب صورت گیند پر دو رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔
آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد نواز تھے، وہ ہارڈک پانڈیا کی گیند پر بڑی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے 14 گیندوں پر چار رنز بنائے۔
اس سے اگلے اوور میں حسن علی بھی رویندرا جڈیجہ کی گیند پر 12 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ حارث رؤف بھی صرف دو رنز بنا کر جڈیجہ کا شکار بنے۔
پاکستانی بیٹرز نے اپنی اننگز میں مجموعی طور پر 154 ڈاٹ بالز کھیلیں اور 26 چوکے لگائے جبکہ کسی بھی بیٹر نے ایک چھکا بھی نہیں مارا۔

شاداب خان دو رنز بنا کر جسپریت بمراہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے (فوٹو: اے ایف پی)

اس میچ کے لیے انڈیا نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی اور ایشان کشن کی جگہ اوپنر شبھمن گل کی واپسی ہوئی تھی جبکہ پاکستان نے اپنا وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا تھا۔
پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو اس وقت انڈیا پہلے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔

شیئر: