Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’واجبات کی عدم ادائیگی‘، پی ایس او نے پی آئی اے کو ایندھن کی سپلائی روک دی

کئی روٹس پر ادائیگی نہ ہونے کی وجہ آئے روز قومی ایئرلائن کے جہازوں کو بھی روکا جا رہا ہے(فائل فوٹو: اے ایف پی)
سرکاری پیٹرولیم کارپوریشن پاکستان سٹیٹ آئل ( پی ایس او) نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کو اندرون ملک پروازوں کے لیے ایندھن کی سپلائی معطل کر دی گئی ہے۔
پی ایس او کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ادارے کے لیے اپنا نظام چلانا مشکل ہو رہا ہے۔
جہازوں کے لیے ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے اندرون ملک کے لیے کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس کی وجہ سے سینکڑوں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستان سٹیٹ آئل سپلائی ڈپارٹمنٹ کے ایک سینیئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا ہے کہ پی ایس او کی جانب سے 16 اکتوبر کو پاکستان کی قومی ایئر لائن کی اندرون ملک پروزاوں کے لیے ایندھن کی فراہمی روک دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پی ایس او اور پی آئی اے کے درمیان واجبات کی ادائیگی کا معاملہ سنگین ہو گیا ہے۔ پرانے واجبات کی فوری ادائیگی کا معاملہ ایک طرف رکھتے ہوئے پی ایس او نے نئے فارمولے کے تحت قومی ائیر لائن کو ایندھن جاری کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔‘
’اس نئے فارمولے کے تحت پی آئی اے سمیت دیگر اداروں نے یہ طے کیا تھا کہ نئے ایندھن کی خریداری کی رقم وقت پر ادا کی جائے گی اور پرانے واجبات پالیسی کے تحت شیڈول ہوں گے۔ تاہم دیکھنے میں آیا ہے کہ پی آئی اے طے شدہ فارمولے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔‘
پی ایس او افسر کے مطابق پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر کی جانب سے گزشتہ ہفتے جمعے کو 10 کروڑ روپے جمع کروانے کا وعدہ کیا گیا تھا جو اب تک پورا نہیں ہو سکا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’موجودہ فیول سپلائی کی مد میں پی ایس او کو 2 ہزار 64 ملین روپے ادا کرنے ہیں۔
پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر ملتان، سکھر اور گلگت ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کر رکھی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بھی پروازیں منسوخ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ البتہ ان کی جانب سے ایندھن کی فراہمی منقطع ہونے کے سوال کا کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کی قومی ایئر لائن مالی مشکلات کی وجہ سے اپنے کئی طیارے معمولی سے مینٹیننس کی شکایت پر گراونڈ کر چکی ہے۔
حکومت کی جانب سے بیل آؤٹ پیکج کی منتظر قومی ایئر لائن ہر گزرتے دن کے ساتھ مشکلات کا شکار  ہے۔
 31 جہازوں پر مشتمل پی آئی اے کا فلیٹاب 18 جہازوں سے اپنا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس کے علاوہ کئی روٹس پر ادائیگی نہ ہونے کی وجہ آئے روز قومی ایئرلائن کے جہازوں کو بھی روکا جا رہا ہے۔

شیئر: