Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ہیریٹیج کمیشن کی ثقافتی ورثے کے تحفظ کی تقریب

روایتی فنون اور دستکاری پر بچوں کی مختلف ورکشاپس منعقد کرائی جائیں گی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کا ہیریٹیج کمیشن 17 سے 19 اکتوبر تک ریاض کے گراسی پارک میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے یونیسکو کے کنونشن کی 20ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق منتظمین نے کہا ہے کہ  یہ تقریب سعودی ثقافتی ورثے  کے تحفظ اور فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

'ہماری نظروں میں میراث' کےعنوان سے ثقافتی فنون متعارف ہوں گے۔ فوٹو عرب نیوز

ثقافتی تقریبات میں 20 مختلف پروگرام پیش کئے جائیں گے جن میں دستکاری کے نمونے، فالکنری اور فنون لطیفہ سے متعلق نمائشیں، مملکت کے علاقائی فنکاروں کی پرفارمنس، کلاسیکی سعودی موسیقی اور دیگر پرکشش پروگرام شامل ہیں۔
تقریب میں خاص طور پر علاقائی ورثے کے تحفظ میں مملکت کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے والی تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

تقریب میں علاقائی ورثے کی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔۔ فوٹو عرب نیوز

ورثے سے متعلق بچوں کی ڈرائنگ کے ذریعے 'ہماری نظروں میں میراث' کے عنوان سے روایتی فنون اور دستکاری پر بچوں کی مختلف ورکشاپس منعقد کرائی جائیں گی۔
تقریب کے منتظمین نے مزید بتایا ہے کہ سعودی ہیریٹیج کمیشن ریاست کے غیر محسوس ورثے کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں مقامی کمیونٹی میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس تقریب کے ذریعے ہیریٹیج کمیشن سعودی معاشرے کی شناخت کی عکاسی کرے گا اور نوجوان نسل کو مملکت میں غیر محسوس ورثے کی مختلف اشکال سے متعارف کرائے گا۔
 

شیئر: