Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوشل میڈیا پر دھوکہ دہی کے نئے طریقے، محکمہ امن عامہ نے خبردار کردیا

 ’سماجی انجینیئرنگ’ کے ذریعے جال میں پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے ( فوٹو: عاجل)
سعودی محکمہ امن عامہ نے خبردار کیا ہے کہ ’ سوشل میڈیا استعمال کرنے والے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں۔ وہ ’سماجی انجینیئرنگ’ کے ذریعے لوگوں کو اپنے جال میں پھنسانے کی کوشش کررہے ہیں‘۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق امن عامہ نے بیان میں کہا کہ ’مالی مدد اور عطیات جمع کرنے کے لیے مشکوک اپیلیں کی جارہی ہیں۔ کوئی شہری یا مقیم غیرملکی اس قسم کی اپیلوں پر توجہ نہ دے۔ یہ بھی دھوکہ دہی کا ایک طریقہ ہے‘۔
’دھوکے باز لوگوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لیے سرکاری اداروں اور بینکوں کے لوگو استعمال کرتے ہیں تاکہ اعتبار حاصل کرسکیں۔ دھوکے باز نئے طریقے اختیار کررہے ہیں‘۔
امن عامہ نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ’بعض افراد انتباہ کے باوجود دھوکے بازوں کے فریب میں آکر انہیں نجی معلومات فراہم کررہے ہیں‘۔ 
 سائبر سیکیورٹی کے ماہر محمد السریعی نے کہا کہ’ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی دھوکے بازوں کے انداز کو سمجھنے لگے ہیں اور وہ انٹرنیٹ، موبائل سیٹ اور لیپ ٹاپ وغیرہ پر سائبر سیکیورٹی کا اہتمام کررہے ہیں‘۔ 
ان کا کہنا تھا کہ’ دھوکے بازوں نے سماجی انجینیئرنگ کا راستہ اختیار کیا ہے کیونکہ انسان کی نفسیات سے فائدہ اٹھا کر دھوکہ دینے میں آسانی ہوتی ہے‘۔ 
 ’دھوکے بازوں سے بچنے کا ایک اہم طریقہ یہ ہے کہ ایسے کسی بھی رابطہ کار کے استفسار کا جواب نہ دیا جائے۔ ٹیلیفون اور کبھی ای میل بھیج کر نجی معلومات کے حصول کے لیے رابطہ کیا جاتا ہے۔ کوئی ایسی ای میل نہ کھولی جائے جو نا معلوم ذرائع سے بھیجی گئی ہو‘۔ 
سعودی بینکوں میں آگہی کمیٹی نے اکاونٹس ہولڈرز کو خبردار کیا کہ ’بینکوں کے لوگو کے ذریعے ملنے والے پیغامات سے دھوکہ نہ کھائیں یہ انسانی  نفسیات سے کھیلنے کا ایک طریقہ ہے‘۔

شیئر: