Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فٹبال کلب الاتحاد کے پرتگالی کوچ برطرف

اسسٹنٹ کوچ حسن خلیفہ ٹیم میں نونو سانتو کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی فٹبال کلب چیمپئن الاتحاد نے منگل کے روز اعلان کیا کہ کلب نے پرتگالی کوچ نونو ایسپریتو سانتو کو فارغ کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق الاتحاد کلب نے رخصت ہونے والے پرتگالی کوچ کا شکریہ ادا کیا، نونو سانتو نے 4 جولائی 2022 کو الاتحاد کلب کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
کلب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نونو سانتو کی رخصتی کا  فیصلہ گذشتہ مرحلے کی جامع تکنیکی وجوہ کی جانچ کے بعد کیا گیا۔
 اس سے قبل پرتگالی کوچ ٹوٹنہم ہاٹ پور، وولور ہیمپٹن وانڈررز اور پورٹو کلب کی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔
الاتحاد کلب کے لیے  نئے کوچ کے تقرری تک موجودہ اسسٹنٹ کوچ حسن خلیفہ ٹیم میں نونو سانتو کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
الاتحاد کلب نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ کوچنگ سٹاف کو ’کلب کے اہداف اور اس کے شائقین کی توقعات کے مطابق‘  منظم طریقے سے تعینات کیا جائے گا۔
نونو سانتو کی کوچنگ کے دوران الاتحاد کلب نے 56 میچز میں سے 36 میں کامیابی حاصل کی۔

پرتگالی کوچ نے الاتحاد کلب کو سعودی فٹبال اعزاز دلانے میں مدد کی (فائل فوٹو: عرب نیوز)

پرتگالی کوچ  نے اپنے دور میں جدہ کے الاتحاد کلب کو 14 سال بعد سعودی فٹبال اعزاز واپس دلانے میں مدد کی۔ 
نونو سانتو رواں سال کے آغاز میں کھیلے گئے سعودی سپر کپ میں الاتحاد کلب کی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

شیئر: