Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جرمنی میں شدید برفباری سے نظام زندگی درہم برہم، 760 پروازیں متاثر

میونخ ایئرپورٹ اتوار کی صبح چھ بجے تک بند رہے گا۔ (فوٹو: اے پی)
جنوبی جرمنی کے کچھ حصوں میں شدید برف باری نے افراتفری مچا دی ہے جبکہ باویرین ریاست کے دارالحکومت میونخ میں ہوائی اور ریل ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کی دوپہر تک پہلی بار پروازیں معطل کرنے کے بعد، میونخ ایئرپورٹ نے بعد میں کہا کہ وہ اتوار کی صبح چھ بجے تک بند رہے گا۔
میونخ ایئرپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ مجموعی طور پر 760 پروازیں متاثر ہوئیں۔ محکمہ موسمات کے مطابق جمعے کی رات سے سنیچر تک 16 انچ سے زیادہ برف پڑی۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کی غرض سے گھروں تک محدود رہیں۔
سخت سردی نے ٹرینوں کی آمدورفت میں بھی خلل ڈالا ہے۔ ریل آپریٹر ڈوئچے بان نے کہا ہے کہ ’میونخ سٹیشن ابھی خدمات فراہم نہیں کر سکتا۔‘

بائرن میونخ اور یونین برلن کے درمیان طے شدہ فٹ بال چیمپیئن شپ میچ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے پی)

ڈوئچے بان کے مطابق مسافروں کو پورے خطے میں (ٹرینوں کی آمد میں) تاخیر اور منسوخی کی توقع کرنی چاہیے، اور زیادہ تر بسیں، ٹرام اور مضافاتی ٹرینیں میونخ میں نہیں چل رہیں۔
سنیچر کو بائرن میونخ اور یونین برلن کے درمیان طے شدہ فٹ بال چیمپیئن شپ میچ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
جرمنی کا بیشتر حصہ کئی دنوں سے برف باری اور منجمد درجہ حرارت کی زد میں ہے۔

شیئر: