Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی حملوں میں شدت، پوپ فرانسس کا غزہ میں دوبارہ جنگ بندی کا مطالبہ

اسرائیلی جنگی طیاروں نے النصیرات پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے غزہ میں جنگ بندی کے خاتمے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جلد از جلد نیا معاہدہ کرنے پر زور دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پوپ فرانسس نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی ختم ہونے کا مطلب ’موت، تباہی اور تکلیف ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور فلسطین میں صورتحال سنجیدہ ہے جبکہ فلسطین میں بنیادی ضررویات کی اشیا بھی میسر نہیں ہیں۔
دوسری جانب غزہ کی پٹی سے موصول ہونے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ رفح، خان یونس اور النصیرات پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں سینکڑوں فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو اسرائیلی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں دو فلسطینی دیہاتوں پر حملہ کیا ہے۔
غزہ میڈیا آفس کے نام سے ایک اکاؤنٹ سے اطلاع دی گئی ہے کہ گذشتہ رات اسرائیلی بمباری سے کم از کم 700 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حماس کی زیرقیادت وزارت داخلہ نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی غزہ میں رفح شہر کے مشرق میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے سے سات فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنگی طیاروں نے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں دو مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے قریب القرارہ قصبے کے کئی مقامات کو نشانہ بنایا۔ اس بمباری کے باعث متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔

نصیرات پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

خان یونس سمیت غزہ کا جنوبی حصہ وہ علاقہ ہے جہاں شمالی غزہ سے بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایکس اکاؤنٹ پر اتوار کی صبح ایک بیان شائع کیا جس میں غزہ کی پٹی کے فلسطینیوں کو خان ​​یونس اور اس کے آس پاس کے نصف درجن علاقوں کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دیا گیا۔

فوجی حملے کے باعث انٹرنیٹ اور بجلی کی باقاعدہ فراہمی میں تعطل ہے۔ فوٹو عرب نیوز

 اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے گذشتہ روز سنیچر کو کہا تھا کہ اسرائیل غزہ کے شہریوں کے لیے ’محفوظ علاقوں‘ کے لیے امریکہ اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ رابطے کر رہا ہے۔
غزہ میں اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور عام شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے فوجی حملے کے باعث انٹرنیٹ اور بجلی کی باقاعدہ فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے انخلا کے اسرائیلی احکامات پر عمل کرنا مشکل ہے۔
دوسری جانب فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ سنیچر کو رات دیر گئے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل آباد کاروں نے دو دیہاتوں پر حملہ کیا۔ اس حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک گاڑی کو آگ لگا دی گئی۔

شیئر: