Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز جیت کر تاریخ رقم کر دی

پاکستان نے 137 رنز بنا کر سیریز اپنے نام کر لی۔ فوٹو: پی سی بی
پاکستان کی قومی ویمن کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔
ڈونیڈن میں جاری دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دس رنز سے شکست دی۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اسی طرح محنت کرتی رہیں تو ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ بھی اپنے نام کر جائے گی۔
سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم نے 137 رنز بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 127 رنز بنا سکی۔
تین میچز کی سیریز میں سے دو میں فتح حاصل کر کے پاکستانی ٹیم پہلی مرتبہ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
پہلے میچ میں پاکستان نے سات وکٹوں سے برتری حاصل کی جبکہ دوسرے میچ میں دس رنز سے حریف ٹیم کو پیچھے چھوڑ دیا۔
پاکستانی کھلاڑی فاطمہ ثنا نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 127رنز بنائے جبکہ پاکستان کی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔
اتوار کو سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 128 رنز کا ہدف پاکستانی ٹیم نے 18.2 اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔
اتوار کو پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ویمنز ٹی20 کرکٹ میں پہلی جیت تھی۔
سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 9 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

شیئر: