Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قاہرہ سے جدہ سیکٹر 2023 کا دوسرا مصروف ترین بین الاقوامی رُوٹ

2023 کا مصروف ترین بین الاقوامی ایئر لائن روٹ کوالالمپور تا سنگاپور تھا (فوٹو: عرب نیوز)
ایک رپورٹ کے مطابق قاہرہ سے جدّہ سیکٹر کو 2023 کے دوران 48 لاکھ مسافروں کو لے جانے والا دوسرا مصروف ترین بین الاقوامی فضائی راستہ قرار دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عالمی سفری ڈیٹا فراہم کرنے والی فرم آفیشل ایئرلائن گائیڈ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے فضائی راستوں کے درمیان دو فیصد کے فرق کی نشاندہی کی گئی ہے۔
2023 کا مصروف ترین بین الاقوامی ایئر لائن روٹ کوالالمپور تا سنگاپور تھا جس کے ذریعے 49 ملین مسافروں کو لے جایا گیا۔
یہ اقدام مملکت کے وژن 2030 کے مطابق سعودی ایئرلائنز، لاجسٹکس سروسز، کارگو اسسٹنس اور دیگر سپورٹ ڈویژنز سمیت تمام ایوی ایشن سیکٹرز کو اپ گریڈ کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد کے تحت ہے۔
سعودی ایوی ایشن سٹریٹجی سٹیئرنگ کمیٹی میں مملکت کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سروسز صالح الجاسر نے کہا کہ ’سعودی عرب کسی بھی ملک سے سب سے زیادہ کنیکٹیویٹی میں اضافہ کرتے ہوئے ہوا بازی کے ذریعے عالمی سطح پر سب سے آگے ہے۔‘
صالح  الجاسر نے مزید کہا کہ ’ہوا بازی کا شعبہ مملکت کی ’نیشنل ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس سٹریٹیجی‘ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور وژن 2030 کے مطابق سعودی عرب کو دنیا سے جوڑ رہا ہے۔‘
اسی تقریب کے دوران جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے صدر عبدالعزیز الدوئیلج نے کہا کہ ’2023 سعودی ایوی ایشن کے لیے ایک ریکارڈ ساز سال رہا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ مسافروں کو لے جایا گیا اور مملکت پہلے سے کہیں زیادہ منزلوں سے جڑ رہی ہے۔‘
عبدالعزیز الدوئیلج نے مزید کہا کہ سعودی ایوی ایشن سٹریٹجی کا مقصد 33 کروڑ مسافروں کے ہدف تک پہنچنا، 250 منزلوں تک رسائی اور 2030 تک 45 ملین ٹن کارگو کی گنجائش رکھنا ہے۔
آفیشل ایئرلائن گائیڈ کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ہانگ کانگ تا تائی پے 2023 میں تیسرا مصروف ترین بین الاقوامی راستہ ہے جس میں 46 ملین نشستیں ہیں۔ یہی روٹ 2019 میں بھی سب سے زیادہ فعال تھا اور اس کے بعد سے اس کی صلاحیت میں 43 فیصد کمی آئی۔

شیئر: