Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینچورین ٹیسٹ: انڈین ٹیم 131 رنز پر ڈھیر

پہلے ٹیسٹ میں 185 رنز کی ناقابلِ فراموش اننگز کھیلنے پر ڈین ایلگر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ اور انڈیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو ایک اننگز اور 32 رنز سے شکست دے دی ہے۔
سینچورین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں انڈین ٹیم جنوبی افریقہ کی 163 رنز کی برتری بھی ختم نہ کر سکی اور پوری ٹیم 131 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انڈیا کی جانب سے دوسری اننگز میں وراٹ کوہلی نے 76، شبھمن گِل نے 26 اور شریاس آیئر نے 6 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے ناندرے برگر نے چار، مارکو یانیسن نے تین اور کاگیسو رباڈا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 408 رنز سکور کیے تھے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین ایلگر نے 185، مارکو یانیسن نے 84 اور ڈیوڈ بیڈنگھم نے 56 رنز بنائے۔
انڈیا کی طرف سے جسپریت بمراہ نے چار، محمد سراج نے دو جبکہ شاردُل ٹھاکر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
 
اس سے قبل انڈیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 245 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
انڈیا کی طرف سے پہلی اننگز میں کے ایل راہُل 101 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جنوبی افریقہ کی طرف سے ناندرے برگر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
پہلے ٹیسٹ میں 185 رنز کی ناقابلِ فراموش اننگز کھیلنے پر ڈین ایلگر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس میچ میں فتح کے بعد جنوبی افریقہ نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
خیال رہے کہ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: