Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں مذہبی ٹورازم، ’سکھ یاترا‘ ڈیجیٹل پورٹل کیسے کام کرتا ہے؟

سکھ یاتری اپنی مرضی کے ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کا انتخاب آن لائن کر سکتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں مذہبی ٹورازم کے فروغ کے لیے  پہلا ڈیجیٹل پورٹل ’سکھ یاترا‘ کے نام سے فعال ہو گیا ہے۔ پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آن لائن پورٹل میں بین الاقوامی سکھ یاتریوں کے لیے تمام سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کر دی گئی ہیں۔
’سکھ یاترا ڈاٹ ٹی ڈی سی پی آن لائن ڈاٹ کام‘ نامی اس ویب پورٹل پر سکھ یاتریوں کے لیے مختلف پیکجز دیے گئے ہیں جن میں وہ اپنی مرضی کے مطابق فور سٹار یا فائیو سٹار ہوٹل کے انتخاب کے ساتھ ساتھ اپنی پسند کی جگہوں اور ٹرانسپورٹ کا انتخاب آن لائن کر سکتے ہیں۔
پنجاب کے سیکریٹری ٹورازم راجہ جہانگیر انور نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’پاکستان میں مذہبی ٹورازم کے حوالے سے یہ اپنی نوعیت کا واحد ڈیجیٹل پورٹل ہے اور اس آن لائن فیسیلٹی میں ایک ہی وقت میں کئی محکموں کو اکھٹا کر دیا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’جیسے ہی کوئی سکھ یاتری اس پورٹل کے ذریعے اپنا ٹور بک کروائیں گے تو اس کی کنفرمیشن پر ایک ای میل پولیس ڈیپارٹمنٹ، ایک متروکہ وقف املاک اور ایک ٹورازم ڈیپارٹمںٹ کو موصول ہو جائے گی اور تمام محکمے ایک ہی وقت میں اپنی خدمات فراہم کر رہے ہوں گے۔‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ہوٹل کی بکنگ اور مذہبی مقامات پر لے جانے والی خصوصی بسوں اور پولیس کی سکیورٹی کے علاوہ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ نے مختلف ثقافتی اور سیاحتی مقامات کو بھی مختلف پیکجز میں یکجا کر دیا ہے۔
’جیسا کہ اگر مری کی چئیرلفٹ کے ٹکٹ بھی اسی پورٹل میں دستیاب ہیں جبکہ رقم کی وصولی بھی آن لائن کر دی گئی ہے۔ اب کسی بھی سکھ یاتری کو صرف ہمارے پورٹل پر آ کر بس اپنی مرضی کا پیکج سیلیکٹ کرنا ہے اس کے بعد اس کی ساری ذمہ داری ختم اور ہماری شروع۔ ہمارے بنائے ہوئے پیکجز کے علاوہ وہ اپنی مرضی کا کسٹم پیکج بھی بنا سکتے ہیں۔‘

گزشتہ چند برسوں سے کینیڈا اور برطانیہ کی سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے پاکستان کا رخ کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ پاکستان میں سالانہ مذہبی ٹورازم میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2023 میں اس میں ایک سو پندرہ فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ حکومت کو ایک عشاریہ تین ارب ڈالر ذرائع مبادلہ کی بھی توقع ہے۔
پنجاب حکومت نے کرتارپور صاحب میں بھی ایک ریزارٹ بنانے کی منظوری دے دی ہے جہاں سکھ یاتری فائیو سٹار ہوٹل کی سطح پر سرکاری طور پر سہولیات لے سکیں گے اور وہاں قیام بھی کر سکیں گے۔
محکمہ سیاحت کی مینیجنگ ڈائریکٹر حمیرا اکرام نے بتایا کہ ’ہم نے اس طرح کا ایک ریزارٹ ننکانہ صاحب میں بھی بنایا ہے اور پچھلے دو سالوں میں اس کا زبردست فیڈ بیک آیا جس کے بعد اس سہولت کو دیگر مذہبی مقامات پر بھی دینے پر غور شروع ہوا۔‘
ان کے بقول ’سکھ یاتری اپنی عبادت گاہوں کے قریب اچھی رہائش کو ترجیح دیتے ہیں جبک یہ پرائیویٹ ہوٹلوں سے انہیں سستا بھی پڑتا ہے۔ ننکانہ صاحب میں محظ چھ ہزار روپے میں ایک ڈبل بیڈ کمرہ دستیاب ہے۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ چند برسوں سے کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے پاکستان کا رخ کیا ہے۔ پنجابی زبان کے حوالے سے ہونے والے بڑے اجتماعات میں بھی سکھ مندوبین نے شرکت کی ہے جس کے بعد حکومت سکھوں کو مزید سہولیات دینے کے لیے اپنے پراجیکٹس کو ’فاسٹ ٹریک‘ کر دیا ہے۔

شیئر: