Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمبولینس کو راستہ نہ دینے پر 2 ہزار ریال تک جرمانہ

شاہراہوں کے اطراف میں خصوصی ٹریکس ہنگامی سروسز کے لیے بنائے جاتے ہیں(فوٹو،ایکس)
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو راستہ نہ دینا ٹریفک خلاف ورزی ہے جس پر 2 ہزار ریال تک کا چالان کیا جاسکتا ہے۔
عاجل نیوز نے ٹریفک پولیس کے ایکس اکاونٹ (سابق ٹوئٹر) پر جاری انتباہی نوٹس کے حوالے سے مذید کہا ہے کہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چاہئے کہ وہ کسی بھی نوعیت کی ہنگامی سروسز کی گاڑیوں کو راستہ دیں بصورت دیگر ان پر ایک ہزار سے دو ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
ہنگامی سروسز کی گاڑیوں کے حوالے سے ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ شہری دفاع ، آگ بجھانے والی گاڑیاں ، ایمبولینسز وغیرہ شامل ہیں۔
شاہراہوں پر کسی بھی نوعیت کی ہنگامی خدمات انجام دینے والی گاڑی کے سائرن سنتے ہی دیگر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو انہیں فوری طورپر جانے کے لیے راستہ دینا ضروری ہے تاکہ وہ بلا کسی تاخیر کے مطلوبہ مقام پر پہنچ سکیں۔
شاہراہوں کے اطراف میں پیلے رنگ کی لائن والا ٹریک ہنگامی سروسز کے لیے مخصوص ہوتا ہے جس پر عام افراد اپنی گاڑی نہیں چلا سکتے۔
واضح رہے ٹریفک قوانین کے تحت ایمبولینس گاڑیوں کے سامنے اور عقبی سمت حساس کیمرے نصب ہوتے ہیں جس کا مقصد خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی کی اطلاع ٹریفک پولیس تک منتقل کی جاسکے۔

شیئر: