Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن کے شاہ عبداللہ سے امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات، جنگ بندی پر زور

عرب ریاستوں کا موقف ہے کہ طویل المدتی منصوبہ بندی پر بات چیت سے پہلے جنگ ختم ہونی چاہیے۔ فوٹو اے ایف پی
امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے اتوار کو اردن کے بادشاہ عبداللہ الثانی اور وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد عمان میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے گودام کا دورہ کیا۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس موقعے پر غزہ میں حماس کے خلاف اسرائیلی جارحیت پھیلنے سے روکنے کے لیے مشرق وسطیٰ کے سفارتی مشن کے  ہمراہ  آگے بڑھنے پر زور دیا گیا۔
انتونی بلنکن سے ملاقات کے موقعے پر اردن کے نائب وزیراعظم ایمن الصفدی اور وزیر خارجہ نے غزہ کی پٹی میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جارحیت کو فوری روکنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔
ایمن الصفدی نے اسرائیل کی طرف سے غزہ کے تمام علاقوں تک مناسب طبی امداد کی رسائی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت کا ذکر کیا۔
نائب وزیراعظم نے اردن کی سرزمین کے اندر یا باہر فلسطینیوں کی نقل مکانی پر اردن کے موقف کی توثیق کی اور اسے جنگی جرم اور تنازع میں خطرناک اضافہ قرار دیا۔
تین ماہ سے جاری اسرائیل غزہ جنگ کے دوران خطے کے اپنے چوتھے دورے پر امریکی وزیر خارجہ نے اس ضرورت پر بھی زور دیا کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں کو کم کرنے کے لیے اسرائیل اپنی فوجی کارروائیوں پر نظرثانی کرے۔

اردن و دیگر عرب ریاستوں نے اسرائیل کے اقدامات پر سخت تنقید کی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

غزہ تک پہنچنے والی انسانی امداد کی مقدار کو نمایاں طور پر بڑھائے جانے اور اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملوں سے تباہ شدہ علاقوں میں بحالی کے منصوبوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ اس بات پر غور کریں گے کہ غزہ میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ حفاظت اور امدادی سامان کی ترسیل بڑھانے کے لیے کیا کِیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اردن اور دیگر عرب ریاستوں نے اسرائیل کے اقدامات پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ طویل المدتی منصوبہ بندی پر بات چیت شروع ہونے سے پہلے جنگ ختم ہونی چاہیے۔

 بلنکن نے عمان میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے گودام کا دورہ کیا۔ فوٹو اے ایف پی

عرب ریاستیں اکتوبر کے وسط سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں کیونکہ عام شہریوں کی ہلاکتیں بہت زیادہ ہونے لگی ہیں۔
بعدازاں امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے اردن کے دارالحکومت عمان میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے ریجنل کوآرڈینیشن گودام کا بھی دورہ کیا جہاں رفح کراسنگ اور کرم سالم کراسنگ کے ذریعے غزہ تک امداد پہنچانے کے لیے ٹرک پہنچ رہے ہیں۔

شیئر: