Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قاہرہ میں کثیر المنزلہ ہوٹل سے گر کر ہلاک ہونے والی لڑکی ذہنی مریضہ تھی

مصری سیکیورٹی فورس خود کشی کے واقعہ کی تحقیقات کررہی تھی۔(فوٹو: عرب نیوز)
مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے ایک ہوٹل کی عمارت سے گر کر ہلاک ہونے والی لڑکی ذہنی مریضہ نکلی۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق یہ افواہ گردش کررہی تھی کہ لڑکی نے ہوٹل کی 26 ویں منزل سے کودتے وقت مبینہ طور پر کہا تھا کہ ’وہ اسرائیل کی خاطر اپنی جان دے رہی ہے۔‘ 
مصری سیکیورٹی فورس خود کشی کے واقعہ کی تحقیقات کررہی تھی۔
لڑکی کے والد نے  اپنے بیان میں کہا کہ’ ان کی بیٹی کو حال ہی میں اس کے شوہر نے طلاق دی تھی، وہ صدمے میں تھی اور ذہنی امراض میں بھی مبتلا تھی۔ ذہنی امراض کے العباسیہ ہسپتال میں علاج بھی کرایا گیا تھا۔‘ 
والد نے سیکیورٹی فورس کو اپنے بیان کے ثبوت میں العباسیہ ہسپتال کی میڈیکل رپورٹیں بھی فراہم کیں۔ 
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل تھی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ ایک خاتون ہوٹل کی 23 ویں منزل کی بالکنی کے کنارے بیٹھی ہے اور ہوٹل کے ملازمین اسے بچانے اور رسے کی مدد سے اسے اوپر کھینچنے کی کوشش کررہے ہیں اچانک لڑکی کے ہاتھ سے رسہ نکل جاتا ہے۔ 
وائرل وڈیو میں لڑکی کو کچھ الفاظ کہتے سنا جا سکتا ہے۔ خودکشی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں گردش کررہی تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ لڑکی ہوٹل میں ملازم تھی اور ہوٹلنگ کے شعبے میں گریجویٹ تھی۔ 

شیئر: