Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین گلوکار ہنی سنگھ کا آبائی تعلق پاکستان کے کس شہر سے ہے؟

ہنی سنگھ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے پاکستانی پرستار ان پر محبت کی بارش کرتے رہیں (فوٹو: وائب ایف ایم 105.4)
یویو ہنی سنگھ کے نام سے پہچانے جانے والے انڈیا کے معروف گلوکار ہردیش سنگھ نے کہا ہے کہ ان کا آبائی تعلق پاکستان سے ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ’چائے پہ چرچا‘ شو میں آر جے طیب عرشمان کے ساتھ گفتگو کے دوران ہنی سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خاندان کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ لاہور کا دورہ کر کے اپنے خاندان کے ورثے کو دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
ہنی سنگھ نے اپنی دلی خواہش کا اظہار کیا کہ اگر کبھی موقع ملے تو وہ ننکانہ صاحب میں اپنے مداحوں سے ملیں گے۔
انٹرویو کے دوران ہنی سنگھ نے کہا ’میرے آباؤ اجداد کا تعلق لاہور سے تھا۔ میری قسمت میں جب بھی ہوا میں لاہور جانا چاہوں گا، میں ننکانہ صاحب جا کر نذرانہ پیش کروں گا اور آپ سب سے ملوں گا۔‘
گفتگو کے دوران میزبان نے ہنی سنگھ سے کہا کہ وہ اپنے جذبات اپنے پاکستانی مداحوں تک پہنچائیں، جس پر گلوکار نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے پاکستانی پرستار ان پر محبت کی بارش کرتے رہیں۔
یاد رہے کہ کچھ دن پہلے ہنی سنگھ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک سیلفی شیئر کی تھی جس میں انہیں پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کے ساتھ کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ ہنی سنگھ نے اس پوسٹ کے عنوان میں لکھا ’زندہ دل کے ساتھ‘۔
پاکستانی اداکارہ نے اسی پوسٹ کے نیچے کمنٹ میں لکھا ’آخرکار آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔‘

شیئر: