Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود کے لیے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر

سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہو رہی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے وکلا کی غیرحاضری کی وجہ سے سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے لیے سرکار کی جانب سے وکلا صفائی (سٹیٹ ڈیفنس کونسل) مقرر کر دیے گئے ہیں۔
سنیچر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کیس کے لیے قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے گزشتہ روز کی سماعت کا حکمنامہ جاری کر دیا۔
ریاست کی جانب سے مقرر کردہ ڈیفنس کونسل آج 27 جنوری گواہان پر جرح کریں گے۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ کیس کی سماعت کے آغاز کے وقت ملزمان کی جانب سے کوئی بھی سینیئر وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا اور حقائق اور حالات کے پیش نظر ملزمان کو کئی مواقع بھی فراہم کیے گئے۔
اس عدالت کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا کہ وہ ملزمان کے لیے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر کرے۔‘
حکمنامے کے مطابق ملک عبدالرحمان ایڈووکیٹ کو بانی پی ٹی آئی کے لیے اور حضرت یونس ایڈووکیٹ کو شاہ محمود قریشی کے لیے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر کیا گیا ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر کرنے کے لیے ای میل کے ذریعے وکیلوں کی فہرست طلب کی گئی تھی۔
دونوں وکلا بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے کیس کی نمائندگی کریں گے اور گواہان پر جرح کریں گے۔

شیئر: