Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صارفین جعل سازوں سے خبردار رہیں، ٹیکس اتھارٹی کا انتباہ

ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے صارفین کے بینک کی تفصیلات طلب نہیں کی جاتی(فوٹو،ایکس )
سعودی زکوہ اینڈ ٹیکس اتھارٹی نے ٹیکس دہندگان کو دوبارہ خبردار کیا ہے کہ دھوکہ بازوں اور جعل سازوں سے ہوشیار رہا جائے۔
عکاظ اخبار کے مطابق جعل سازوں کی جانب سے ایسی ای میلز ارسال کی جاتی ہیں جن میں وہ خود کو اتھارٹی کے اہلکار ظاہر کرتے ہوئے صارفین سے ذاتی اور بینک کی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ٹیکس اتھارٹی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دھوکے بازوں کی جانب سے مشکوک ای میلز ارسال کی جاتی ہیں جن میں کہا جاتا ہے کہ ’آپ کی جانب سے اتھارٹی کو ادا کی گئی فیس کی باقی رقم لوٹانی ہے جس کے لیے درج ذیل لنک پر کلک کریں‘۔
اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ جعل سازوں سے ہوشیار رہا جائے تاکہ آپ کی رقم محفوظ رہے۔ زکوۃ اینڈ ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے کسی بھی صورت میں بینک اے ٹی ایم کارڈ کی تفصیلات طلب نہیں کی جاتی۔
ٹیکس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جتنی بھی ادائیگی اتھارٹی کے اکاونٹ میں کی جاتی ہے وہ صرف سرکاری ویب سائٹ یا اسمارٹ فون کی مخصوص ایپ کے ذریے ہی کی جاتی ہے۔ سرکاری ویب سائٹ کے آخر میں ’ایس اے‘ ہوتا ہے اس حوالے سے صارفین خاص خیال رکھیں کیونکہ اتھارٹی کی جانب سے کبھی بھی بینک کی تفصیلات طلب نہیں کی جاتیں۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی استفسار کے لیے ٹول فری نمبر 19993 سے رابطہ کیا جاسکتا ہو جو ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کی بنیاد پر کام کرتا ہے۔

شیئر: