Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لیگ ن میدان سے بھاگنے والی جماعت نہیں ہے: مریم اورنگزیب

الیکشن کی صبح معطل کی جانے والی موبائل فون سروس بحال ہو گئی
سکرینیں، نعرے، تبصرے: نتائج کی مانیٹرنگ کیسے؟
الیکشن کے نتائج میں بہت تاخیر، ہمارے امیدوار بہتر دکھائی دے رہے ہیں: بلاول بھٹو
نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز مشاورتی اجلاس کے بعد ماڈل ٹاؤن سے روانہ

شام پانچ بجے سے رات 11 بجے تک کی لائیو کوریج کے لیے یہاں کلک کریں
پاکستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ سست روری سے جاری ہے۔ ابھی تک صرف چند نشستوں کے نتائج کا الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کا ڈسٹرک ریٹرننگ آفیسرز سے رابطہ

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹریز،DROs   اور صوبائی الیکشن کمشنرز سے ذاتی طور پر فون پر رابطہ کیا اور سخت ہدایات دیں کہ نتائج کے فوری اعلان کو یقینی بنایا جائے۔
’مسلم لیگ ن میدان سے بھاگنے والی جماعت نہیں ہے‘
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’ابھی تو نتائج آرہے ہیں ابھی تو تمام حلقوں کے دس سے پندرہ فیصد رزلٹ آئے ہیں اس سے کسی پارٹی کی جیت ہار کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ ن کی پارٹی مضبوط ہے اور کامیابی حاصل کرے گی مخص اندازے لگانا درست نہیں۔ مسلم لیگ ن کا اپنا الیکشن سیل ہے جس میں تمام رزلٹ کومرتب کیا جا رہا ہے۔ ایک طریقہ کار کے مطابق فارم 45 حاصل کرکے رزلٹ فائنل کیا جا رہا ہے۔‘
ان کہا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ ن میدان سے بھاگنے والی جماعت نہیں ہے، ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔‘
الیکشن کمیشن کی وارننگ کے باوجود نتائج تاخیر کا شکار
الیکشن کمیشن کی صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو آدھے گھنٹے کے اندر تمام نتائج کا اعلان کرنے کے حکم نے باوجود سرکاری نتائج کا اعلان تاخیر کا شکار ہے۔ 

ابھی تک چند قومی اسمبلی اور چند صوبائی اسمبلیوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔  کمیشن نے کہا تھا کہ اگر آدھے گھنٹے کے بعد تمام نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا تو کارروائی کی جائے گی۔
قومی اسمبلی کی 150 نشستوں پر برتری ہے، بیرسٹر گوہر خان کا دعویٰ

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ’ابھی تک جو انفارمیشن ہے اس کے مطابق پاکستان بھر میں ہماری قومی اسمبلی کی  150  نشستوں پر برتری ہے۔ کے پی اور پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔ ہمارے پاس جو ڈیٹا ہے اس کے مطابق ہماری اکثریت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہو سکتا ہے کہ ہم کسی اور پارٹی کو جوائن کر کے حکومت بنائیں اور بعد میں انٹر پارٹی الیکشن کروائیں۔‘
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ امید ہے 9  فروری کو صبح دس بجے تک مکمل نتائج آ جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ اتحاد نہیں ہو سکتا۔ کسی اور جماعت کرنا ہوا تو پارٹی فیصلہ کرے گی۔‘
الیکشن کمیشن کا اہم حکم نامہ 
الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنزر اور ریٹرننگ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ اگلے آدھے گھنٹے میں تمام نتائج کا اعلان کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن  ذرائع کے حوالے نتائج کے بارے میں جو  خبریں چلائی جارہی ہیں وہ کمیشن نے جاری نہیں کیں۔ 

الیکشن کمیشن نے 10 گھنٹے بعد دو صوبائی حلقوں کا نتیجہ جاری کر دیا

الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ ختم ہونے کے 10 گھنٹے بعد الیکشن 2024 کے دو صوبائی حلقوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے سپیشل سیکریٹری ظفر اقبال ملک نے میڈیا کو بتایا کہ خیبرپختونخوا کے صوبائی حلقہ پی کے 6 سوات سے آزاد امیدوار فضل حکیم جیتے ہیں جنہوں نے 25,303 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ اسی طرح پی کے 75 سے بھی آزاد امیدوار سمیع اللہ خان 18,888 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

الیکشن کے نتائج بہت زیادہ تاخیر سے آ رہے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کے نتائج بہت زیادہ تاخیر سے آ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’اس وقت پیپلز پارٹی کے اور وہ آزاد امیدوار بہتر دکھائی دے رہے ہیں جن کی ہم نے حمایت کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘دیکھتے ہیں کہ حتمی نتائج کیا ہوں گے۔‘

مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ختم، شریف خاندان خاموشی سے روانہ

پاکستان مسلم لیگ ن کا ماڈل ٹاؤن ہیڈکوارٹرز لاہور میں جاری اہم اجلاس ختم ہو گیا جس کے بعد نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز خاموشی سے روانہ ہو گئے۔
قبل ازیں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف گنتی کے عمل کے آغاز کے بعد اپنے بھائی اور پارٹی کے صدر شہباز شریف اور بیٹی مریم نواز کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن دفتر پہنچے تھے جس کے بعد ان کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس کا آغاز ہوا۔

عوام نے ووٹ کے ذریعے عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا: پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین عمران خان کی اپیل پر انتخابی عمل میں بڑی تعداد میں شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
جمعرات کی رات کو چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب خان اور سینیٹ میں پارلیمانی قائد تحریک انصاف بیرسٹر علی ظفر کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انتخابی عمل میں تاریخ کی بدترین ریاستی مداخلت اور قبل از انتخابات دھاندلی کے باوجود بانی چیئرمین عمران خان نے دستور، قانون اور جمہوریت پر اپنےغیرمتزلزل ایمان کا اظہار کر کے پاکستان کو نئی راہ دکھلائی۔‘

ملک کے بعض علاقوں میں موبائل سروس جزوی بحال

پاکستان میں عام انتخابات کے روز سارا دن موبائل سروس بند رہنے کے بعد پولنگ ختم ہونے کے تقریباً تین گھنٹے بعد بعض علاقوں میں اس کو بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جمعرات کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے کچھ علاقوں میں موبائل سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔
’راولپنڈی ڈویژن میں ٹیکسلا، گوجر خان، چکری کے علاوہ بھکر، سرگودھا، بلوچستان میں لورالائی، سبی اور جھل مگسی جبکہ سندھ میں ملیر (کراچی) کے علاوہ پورے صوبے میں سروس بحال کر دی گئی ہے۔‘

الیکشن 100 فیصد شفاف اور پُرامن ہوئے: چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن 100 فیصد شفاف اور پُرامن ہوئے۔
سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کاعمل بغیر کسی کے وقفے کے جاری رہا۔ کسی شہری کو ووٹ کاسٹ کرنے سے نہیں روکا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں کنیکٹیویٹی کا مسئلہ ہو گا وہاں متعلقہ پریزائیڈنگ افسر خود متعلق ریٹرننگ آفسر کے دفتر جا کر فارم 45 فراہم کرے گا۔

انٹرنیٹ کی بندش عوام کے حقوق پر حملہ ہے: ایمنسٹی انٹرنیشنل

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ڈپٹی ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا لیویا سکارڈی نے کہا ہے کہ ’پاکستان میں انتخابات کے دن موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا فیصلہ آزادی اظہار اور پرامن اجتماع کے حقوق پر کھلا حملہ ہے۔‘
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’معلومات تک رسائی میں رکاوٹ ڈالنا لاپرواہی ہے کیونکہ لوگ تباہ کن بم دھماکوں کی زد میں پولنگ سٹیشنوں کا رخ کر رہے ہیں اور ملک میں انتخابات سے قبل اپوزیشن کے خلاف شدید کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔‘

شیئر: