Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت سازی کا معاملہ: ’ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے تعاون مانگ لیا‘

پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعاون مانگ لیا ہے۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان حکومت سازی کے لیے باضابطہ مذاکرات اتوار کے روز بلاول ہاؤس لاہور میں ہوئے۔
مذاکرات کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعاون مانگا ہے۔‘
’مسلم لیگ ن کی پیش کش کا پیر کے روز اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی) کے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔‘
اس سے قبل مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان اتوار کی شب بلاول ہاؤس لاہور میں مذاکرات ہوئے۔
پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری نے کی جبکہ شہباز شریف مسلم لیگ ن کے وفد کی سربراہی کر رہے تھے۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ اعلامیہ
مذاکرات کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کے مطابق ’مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے سیاس تعاون پر اصولی اتفاق رائے کیا ہے۔‘
’دونوں وفود کی ملاقات میں ملک کی مجموعی سایسی صورت حال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔‘
اعلامیے کے مطابق ’دونوں جماعتوں کے قائدین نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہمکنار کرنے کے لیے تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔‘
’پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کا کہنا تھا کہ ’سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے۔‘
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی قیادت میں پارٹی وفد بلاول ہاؤس لاہور پہنچا تو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس کا خیرمقدم کیا۔
مسلم لیگ ن کے وفد میں اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک محمد احمد خان، مریم اورنگزیب اور شزا فاطمہ شامل تھیں۔

شیئر: