Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میراتھن میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والے کیلون کپٹم کار حادثے میں ہلاک

کیلون کپٹم کو دنیا کے تیسرے تیز رفتار ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
میراتھن میں ورلڈ ریکارڈ بنانے والے کیلون کپٹم اور ان کے کوچ گرویس حاکیزیمانا مغربی کینیا میں پیش آنے والے کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 24 سالہ ایتھلیٹ کیلون کپٹم اتوار کی رات کو مغربی کینیا کے علاقے کیپٹاگیٹ سے ایلڈوریٹ کی جانب سفر کر رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔
متعلقہ پولیس کمانڈر پیٹر مولنیج کا کہنا ہے کہ حادثہ اتوار کی رات کو گیارہ بجے پیش آیا ہے، گاڑی میں تین افراد سوار تھے جن میں سے دو کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی جبکہ ایک کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
پولیس کمانڈر نے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں ایتھلیٹ کیلون کپٹم اور ان کے کوچ شامل ہیں۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ کیلون کپٹم  ڈرائیونگ کر رہے تھے جب گاڑی قابو سے باہر ہوتے ہوئے الٹ گئی۔
ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر سیباسچین کو نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’اس تباہ کن نقصان پر صدمے میں ہیں اور غمزدہ ہیں۔‘
سیباسچین کو نے جاری پیغام میں کہا کہ ’ورلڈ اتھلیٹکس کی جانب سے اہل خانہ، دوستوں، ٹیم کے ساتھیوں اور کینیا کے عوام سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘
’ایک انتہائی شاندار ایتھلیٹ ایک شاندار میراث چھوڑ کر گیا ہے۔ ہم اسے بہت زیادہ یاد کریں گے۔‘
گزشتہ سال اکتوبر میں کیلون کپٹم نے کم ترین وقت میں فاصلہ مکمل کر کے شکاگو میں ہونے والی مردوں کی میراتھن جیت لی تھی۔
کیلون کپٹم نے دو گھنٹے اور 35 سیکنڈ میں میراتھن مکمل کر کے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
شکاگو میں میراتھن جیتنے کے بعد انہیں دنیا کے تیسرے تیز رفتار ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔
اس وقت کیلون کپٹم کی عمر 23 سال تھی اور وہ اپنے کیریئر کی تیسری میراتھن میں حصہ لے رہے تھے۔
ورلڈ ایتھلیٹکس کا کہنا ہے کہ کیلون کپٹم نے اس کے بعد کسی ریس میں حصہ نہیں لیا تھا تاہم انہوں نے نیدرلینڈز کے شہر روٹریڈیم میں اپریل میں ہونے والی میراتھن میں حصہ لینا تھا۔
کار حادثے میں ہلاک ہونے کیلون کپٹم کے کوچ گرویس حاکیزیمانا کا تعلق روانڈا سے ہے اور وہ کئی برسوں سے کینیا میں ٹریننگ دے رہے تھے۔

شیئر: