Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئرش وکٹ کیپر لورکین ٹَکر کی لاہور قلندرز آمد، پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کب؟

پاکستان سپر لیگ کے مطابق ایونٹ کی افتتاحی تقریب سنیچر کی شام 6:30 بجے شروع ہوگی (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے آئرلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر لورکین ٹَکر نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو جوائن کر لیا۔
لورکین ٹَکر کو لاہور قلندرز میں ویسٹ انڈین بیٹر شائے ہوپ کی جزوی ری پلیسمنٹ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج بیٹر رَسی فین ڈر ڈسن اور نمیبیا کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا بھی لاہور قلندرز کو جوائن کر چکے ہیں۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کی ٹیم نے آج شام کے سیشن میں ٹریننگ بھی کی۔
پاکستان سپر لیگ 9 کا پہلا میچ سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
 
اُدھر پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شریک شوبز ستاروں کی آمد کا بھی اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ کے مطابق ایونٹ کی افتتاحی تقریب سنیچر کی شام 6:30 بجے شروع ہوگی۔
اس افتتاحی تقریب میں گلوکارعلی ظفر، آئمہ بیگ، عارف لوہار اور نوری بینڈ فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ تقریب کے دوران لیزر شو اور آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔
 
پی ایس ایل کے مطابق افتتاحی تقریب اور پہلے میچ کو دیکھنے کے لیے شائقین کے لیے قذافی سٹیڈیم کے دروازے دوپہر 3:30 بجے کھول دیے جائیں گے۔
خیال رہے رواں برس کے سیزن کے لیے آفیشل اینتھم ’کھل کے کھیل‘ علی ظفر اور آئمہ بیگ نے گایا ہے۔

شیئر: