Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9 کا آغاز ہوگیا، قذافی سٹیڈیم لاہور میں رنگارنگ تقریب

پی ایس ایل کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں سیزن کا آغاز ہو گیا ہے۔
پی ایس ایل 9 کے پہلے میچ سے قبل ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔
پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے کیا گیا جسے گلوکارہ نتاشہ بیگ نے گایا۔
اس کے بعد سٹیڈیم میں خوبصورت لیزر شو کا بھی مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث پورا قذافی سٹیڈیم رنگ نور کی روشنیوں میں بہہ گیا۔
اس کے بعد لوک پنجابی گلوکار عارف لوہار نے اپنے روایتی انداز میں پرفارم کیا اور سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کا جوش بڑھایا۔
عارف لوہار کے گانوں پر تماشائی جھومتے رہے اور افتتاحی تقریب سے خوب لطف اندوز رہے۔
اس پرفارمنس کے بعد افتتاحی تقریب میں پاکستانی میوزک بینڈ نوری نے پرفارم اور شائقین کو خوب محظوظ کروایا۔
افتتاحی تقریب کے سب سے آخر میں سپرسٹار گلوکار علی ظفر نے پرفارم کیا۔
علی ظفر نے پی ایس ایل کے سابق اینتھم گائے اور اُن پر خوب ڈانس کیا۔
اس کے بعد علی ظفر اور آئمہ بیگ نے رواں برس کے ایڈیشن کا نغمہ ’کھل کے کھیل‘ پر پرفارم کیا اور کھلاڑیوں سمیت شائقین کا خون گرمایا۔
تقریب کے آخر میں شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

شیئر: