Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: خواجہ نافع کی عمدہ بیٹنگ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لاہور قلندرز کو شکست

لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان اننگز کے پہلے اوور سے ہی دباؤ کا شکار دکھائی دیے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پیر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 188 رنز کے ہدف کو 19.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خواجہ نافع نے 60، سعود شکیل نے 40، اور جیسن روئے نے 24 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز
ہدف کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز سعود شکیل اور جیسن روئے نے دھواں دھار بیٹنگ کی۔
دونوں بیٹرز کے آگے قلندرز کے بولر بے بسی کی علامت بنے رہے جس کا فائدہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خوب اٹھایا۔
پاورپلے کے دوران لاہور قلندرز کی فیلڈنگ انتہائی ناقص رہی اور دفاعی چیمپیئن ٹیم نے کیچ گرانے کے ساتھ ساتھ چوکے بھی چھوڑے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی یہ ابتدائی شراکت خطرناک بنتی جا رہی تھی کہ زمان خان نے 40 کے انفرادی سکور پر سعود شکیل کو بولڈ کر دیا۔
 

لاہور قلندرز کی طرف سے دوسری وکٹ سکندر رضا نے حاصل کی (فوٹو: لاہور قلندرز انسٹاگرام)

اس کے بعد لاہور قلندرز کو دوسری وکٹ کے لیے لمبا انتظار نہ کرنا پڑا اور اگلے ہی اوور یعنی ساتویں اوور کی دوسری گیند پر جیسن روئے کو سکندر رضا نے کلین بولڈ کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اگلی امیدیں کپتان رائلی رُوسو سے وابستہ تھیں جنہوں نے ٹیم کی امیدیں پوری کرنے کی کوشش بھی کی۔
اس کوشش میں رائلی رُوسو نے 13 گیندوں پر 18 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کو چوتھی وکٹ سرفراز احمد کی ملی جن کی اننگز کا خاتمہ سلمان فیاض نے کیا۔
سرفراز احمد کے آؤٹ ہونے کے بعد خواجہ نافع اور شرفین ردرفورڈ نے 20 گیندوں پر 34 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔
 

ہدف کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز سعود شکیل اور جیسن روئے نے دھواں دھار بیٹنگ کی (فوٹو: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹوئٹر)

اس شراکت کے دوران دونوں بیٹرز پراعتماد دکھائی دیے جس کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم تیزی سے ہدف کی جانب بڑھنے لگی۔
اس دوران لاہور قلندرز کو پانچویں وکٹ شرفین ردرفورڈ کی ملی جو 14 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اس سے قبل قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد انہوں نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 62، جہانداد خان نے 45 اور سکندر رضا نے 18 رنز سکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے عقیل حسین اور محمد حسنین نے دو دو جبکہ محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز کی اننگز
لاہور قلندرز کے اوپنرز اننگز کے پہلے اوور سے ہی دباؤ کا شکار دکھائی دیے اور فخر زمان نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر پوائنٹ پر موجود وسیم جونیئر کو کیچ کا موقع بھی دیا جو انہوں نے ضائع کر دیا۔
اس کے بعد تیسرے اوور کی پہلی گیند پر عقیل حسین کو شاٹ کھیلنے کی کوشش میں فخر زمان مڈ آن پر موجود جیسن روئے کو 6 کے انفرادی سکور پر کیچ دے بیٹھے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد لاہور قلندرز کے لیے صاحبزادہ فرحان اور رسی فین ڈر ڈسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔
دونوں بیٹرز نے اپنی ٹیم پر موجود دباؤ کو نہ صرف کم کیا بلکہ مستحکم رفتار سے سکور بھی بنائے۔
دوسری وکٹ کے لیے رسی فین ڈر ڈسن اور صاحبزادہ  فرحان کے درمیان 39 گیندوں پر 53 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوسری کامیابی نویں اوور کی چوتھی گیند پر ملی جب رسی فین ڈر ڈسن لیگ سپنر ابرار احمد کا شکار بن گئے۔
دو کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی میچ میں واپسی ہوتی دکھائی دی تاہم صاحبزادہ فرحان نے اپنا کھیل جاری رکھا اور ایونٹ کی لگاتار دوسری ففٹی سکور کر لی۔
 

دوسری وکٹ کے لیے رسی فین ڈر ڈسن اور صاحبزادہ  فرحان کے درمیان 39 گیندوں پر 53 رنز کی شراکت قائم ہوئی (فوٹو: پی ایس ایل)

لاہور قلندرز کا تیسرا نقصان 99 کے مجموعی سکور پر ہوا جب صاحبزادہ فرحان 62 کے انفرادی سکور پر محمد حسنین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چوتھی وکٹ حاصل کرنے کے لیے زیادہ محنت نہ کرنا پڑی اور اگلے ہی اوور میں عبداللہ شفیق 11 رنز بنا کر عقیل حسین کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔
عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد جہانداد خان اور سکندر رضا کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 21 گیندوں پر 42 رنز کی برق رفتار شراکت قائم ہوئی۔
اس شراکت کے دوران جہانداد خان نے ابرار احمد کے ایک اوور میں تین چھکے  بھی لگائے تاہم 16ویں اوور کی چوتھی گیند پر سکندر رضا محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھٹی وکٹ بھی جلد مل گئی جب کارلوس براتھ ویٹ کریز پر مختصر قیام کے بعد صرف 6 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کو ساتواں نقصان کپتان شاہین آفریدی کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ کیمیو کے بعد 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
دونوں ٹیموں نے پیر کو لاہور کے تاریخی قذافی سٹیڈیم میں ایونٹ کا اپنا دوسرا میچ کھیلا۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو شکست دے دی تھی۔
اسی طرح پی ایس ایل 9 کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو ہرا دیا تھا۔
اس میچ سے قبل لاہور قلندرز کے لیے اچھی خبر یہ سامنے آئی ہے کہ دفاعی چیمپیئن ٹیم کے سکواڈ کو زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا اور ویسٹ انڈین بیٹر کارلوس براتھ ویٹ نے جوائن کر لیا۔
کارلوس براتھ ویٹ کو لاہور قلندرز نے ویسٹ انڈیز ہی کے شائے ہوپ کی جگہ جزوی طور پر ری پلیسمنٹ کا حصہ بنایا ہے۔
 
اس میچ سے قبل لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف پی ایس ایل کی تاریخ میں مجموعی طور پر اب تک 16 مرتبہ آمنے سامنے آئیں۔
اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 16 میچوں میں 9 مرتبہ جیت لاہور قلندرز اور سات مرتبہ فتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو حاصل ہوئی۔
لاہور قلندرز کی پلئینگ الیون
اس میچ کے لیے لاہور قلندرز کی ٹیم میں فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی فین ڈر ڈسن، عبداللہ شفیق، سکندر رضا، سلمان فیاض، کارلوس براتھ ویٹ، جہانداد خان، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلئینگ الیون
اس میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جیسن روئے، سعود شکیل، خواجہ نافع، رائلی رُوسو (کپتان)، سرفراز احمد، شرفین ردرفورڈ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، محمد حسنین، محمد عامر اور ابرار احمد شامل تھے۔

شیئر: