Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کنگز کی سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو دو وکٹوں سے شکست

لاہور قلندرز کو ابتدائی نقصان جلد ہی اٹھانا پڑ گیا جب میر حمزہ کی گیند پر فخر زمان صرف 6 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے (فوٹو: پاکستان کرکٹ بورڈ)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے 10ویں میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
کراچی کنگز نے 176 رنز کا ہدف 20 ویں اوور کی آخری گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ کیرن پولارڈ 58 اور شعیب ملک 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ قلندرز کی جانب سے زمان خان اور احسن حفیظ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
یہ لاہور قلندرز کی ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی شکست ہے اور وہ صفر پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ کراچی کنگز چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ اور لاہور قلندرز نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار 72 ناٹ آؤٹ کی اننگز کی بدولت 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔
کراچی کی جانب سے حسن علی اور میر حمزہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کنگز کی اننگز

176 رنز کے تعاقب میں شان مسعود اور محمد اخلاق نے اننگز کا آغاز کیا تو کئی خوبصورت باؤنڈریز لگائیں لیکن شان بدقسمت رہے اور تیسرے اوور میں صاحبزادہ فرحان کی ایک عمدہ تھرو پر 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
ٹیم کی بری کارکردگی اور ایک اچھے سپنر کی عدم موجودگی سے پریشان شاہین شاہ آفریدی نے چوتھے اوور کے لیے گیند سپن آل راؤنڈر احسن حفیظ کو تھمایا تو ان کی پہلی گیند سے ہی لگا کہ مقابلہ خوب ہو گا۔ جیمز وینس نے انہیں دو چوکے تو لگائے لیکن آخری قہقہہ حفیظ نے لگاتے ہوئے انہیں کلین بولڈ کر دیا۔ وہ صرف آٹھ رنز بنا سکے۔
ایک اچھے ٹیم کمبی نیشن کی تلاش میں سرگرداں کراچی کنگز کو تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب محمد اخلاق، جہانداد خان کی ایک باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے۔
اس موقع پر تجزبہ کار کیرن پولارڈ کی جگہ محمد نواز کو بھیجا گیا تاکہ وکٹ پر دائیں اور بائیں بازو کے بیٹرز کی موجودگی سے بولرز کی لائن ولینتھ متاثر ہو۔ اور ہوا بھی یوں ہی اور نواز نے تین دلکش چوکے لگا کر ٹیم کو دباؤ سے نکالنے کی کوشش کی۔ تاہم محمد زمان کے ایک خوبصورت یارکر کے آگے وہ بے بس ہو گئے اور 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
44 پر چار کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور یوں لگ رہا تھا کہ لاہور یہ میچ باآسانی جیت جائے گا لیکن پھر کیرن پولارڈ اور شعیب ملک کا تجربہ کھل کر سامنے آیا۔ دونوں بیٹرز نے 95 رنز کی عمدہ شراکت داری بنائی۔ خاص کر پولارڈ نے اپنے بلند و بالا چھکوں سے لاہور کے بولرز کو خوب پریشان کیا۔ وہ 33 گیندوں پر پانچ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شاہین کا شکار بنے۔
پولارڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد اب ساری ذمہ داری شعیب ملک کے کندھوں پر تھی لیکن کافی عرصے سے آؤٹ آف فارم فاسٹ بولر حارث رؤف آج ردھم میں نظر آئے اور بیٹرز کو مشکل میں رکھا۔ شعیب انہیں ایک ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 39 رنز بنائے۔
دو اوورز میں کراچی کنگز کو 19 رنز درکار تھے تو ایسے میں شاہین نے گیند زمان خان کو تھما دی اور انہوں نے اپنے کپتان کے اعتماد کی لاج رکھی اور اپنے ایک خطرناک یارکر پر ڈینیئل سیمز کو بولڈ کر دیا۔ تاہم اوور کی آخری گیند پر زمان کو چوکا لگ گیا۔
اب آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے اور لاہور قلندرز کے تمام فاسٹ بولرز اپنے اوورز پورے کر چکے تھے۔ تو ایسے میں شاہین شاہ آفریدی کے پاس احسن حفیظ کے علاوہ کوئی انتخاب نہ تھا۔ توقعات کا بوجھ اٹھائے احسن دفاع نہ کر سکے اور حسن علی نے انہیں ایک چھکا لگا کر اپنی ٹیم کی جیت کو آسان کر دیا۔ اگرچہ اوور کی پانچویں گیند پر حسن بھی کیچ پکڑا بیٹھے اور میچ برابر ہو گیا لیکن میر حمزہ نے آخری گیند پر سنگل لے کر کراچی کو ایک یادگار فتح دلا دی۔

لاہور قلندرز کی اننگز

لاہور قلندرز کو ابتدائی نقصان جلد ہی اٹھانا پڑ گیا جب میر حمزہ کی گیند پر فخر زمان صرف 6 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
دوسری وکٹ کے لیے رسی فین ڈر ڈسن اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان 36 گیندوں پر 36 رنز کی شراکت بنی۔
کراچی کنگز کو دوسری کامیابی 45 کے مجموعی سکور پر ملی جب رسی فین ڈر ڈسن 26 رنز بنا کر تبریز شمسی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
کراچی کنگز کو تیسری وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور اگلے ہی اوور میں احسن حفیظ 8 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیرون پولارڈ کے کیچ کی بدولت پویلین واپس لوٹ گئے۔
تین کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد صاحبزادہ فرحان نے جہانداد خان کے ساتھ سکور تیزی سے بنانے کی بھرپور کوشش کی تاہم جہانداد خان 13ویں اوور کی تیسری گیند پر کیرون پولارڈ کے شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کے لیے شائے ہوپ اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 24 رنز کی مختصر شراکت دیکھنے کو ملی۔
شائے ہوپ اس شراکت کو لمبا کرنے میں ناکام رہے اور 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کی چھٹی وکٹ بھی جلدی گر گئی جب سکندر رضا حسن علی کی گیند پر تبریز شمسی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شیئر: