Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 13 رنز سے ہرا دیا

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: ملتان سلطانز انسٹاگرام)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے 11ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 13 رنز سے ہرا دیا۔
اتوار کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 181 رنز کے ہدف کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خواجہ نافع نے 36، کپتان رائلی رُوسو نے 30 اور سعود شکیل نے 24 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی اور ڈیوڈ وِلی نے تین، تین جبکہ آفتاب ابراہیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز ہدف کے تعاقب میں پراعتماد نہ دکھائی دیے جس کے باعث ابتدائی 2 اوورز میں رنز نہ بن سکے۔
جیسن روئے نے تیسرے اوور میں رنز بنانے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے اور 12 کے انفرادی سکور پر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پہلی وکٹ کے نقصان کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سعود شکیل نے مثبت بیٹنگ کی کوشش اور خواجہ نافع کے ساتھ مل کر 26 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کو دوسری وکٹ 42 کے ٹیم سکور پر ملی جب سعود شکیل ڈیوڈ وِلی کی گیند پر پویلین روانہ ہوگئے۔
دو کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد ہدف کا تعاقب کوئٹہ کے لیے مشکل ہوتا دکھائی دیا لیکن تیسری وکٹ کے لیے خواجہ نافع اور کپتان رائلی رُوسو کے درمیان عمدہ پارٹنرشپ قائم ہوئی۔
دونوں بیٹرز نے تیسری وکٹ کے لیے قیمتی 62 رنز جوڑے اور میچ میں کوئٹہ کے جیتنے کی امکانات روشن کیے۔
 

ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ وِلی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا (فوٹو: ملتان سلطانز انسٹاگرام)

اس دوران ملتان سلطانز کو وکٹ کی شدت سے ضرورت محسوس ہوئی اور پھر 12ویں اوور کی آخری گیند پر رائلی رُوسو 30 کے انفرادی سکور پر آفتاب ابراہیم کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد ملتان کو چوتھی وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور سرفراز احمد کی جگہ کنکشن سبسٹیٹیوٹ کے طور پر آئے سجاد علی صرف 2 رن بنا کر اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس وکٹ کے بعد کوئٹہ کی امیدیں خوجہ نافع اور شرفین ردرفورڈ سے وابستہ ہوئی لیکن خواجہ نافع امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور ٹیم کی کشتی کو سمندر کے درمیان چھوڑ کر آؤٹ ہوگئے۔
کوئٹہ کو چھٹا نقصان شرفین ردرفورڈ کی وکٹ کی صورت میں ہوا جب وہ ڈیوڈ وِلی کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
 
اسی اوور میں ملتان سلطانز کو ساتویں وکٹ بھی مل گئی جب وسیم جونیئر ڈیوڈ وِلی کا شکار بن گئے۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان کے 180 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے رِیزا ہینڈرکس 72 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان محمد رضوان نے 51 اور طیب طاہر نے 35 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد عامر نے دو جبکہ ابرار احمد اور عقیل حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ملتان سلطانز کی اننگز
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا گیا اور ابتدائی دو اوورز میں دونوں اوپنرز نے گلیڈی ایٹرز کے بولروں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔
ملتان سلطانز کے اوپنرز کی شراکت زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور تیسرے اوور میں ابرار احمد کی گیند پر عثمان خان سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور ریزا ہینڈرکس کے درمیان عمدہ شراکت دیکھنے کو ملی۔
دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کے لیے 62 گیندوں پر 79 رنز بنائے۔
 

ملتان سلطانز کی جانب سے ریزا ہینڈرکس 72 رنز بنا کر نمایاں رہے (فوٹو: ملتان سلطانز انسٹاگرام)

اس شراکت کے دوران محمد رضوان نے اپنی ففٹی بھی مکمل کی تاہم وہ ففٹی بناتے ساتھ ہی عقیل حسین کی گیند پر لانگ آن پر موجود سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دوسری وکٹ کے گرنے کے بعد بھی ملتان سلطانز کے بیٹرز نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور ریزا ہینڈرکس اور طیب طاہر نے تیسری وکٹ کے لیے 39 گیندوں پر 77 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ قائم کی۔
دونوں بیٹرز نے گلیڈی ایٹرز کے بولروں کو چالاکی سے کھیلا اور برق رفتاری سے رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو تیسری کامیابی اننگز کے آخری اوور کی چوتھی گیند پر ملی جب ریزا ہینڈرکس چھکا لگانے کی کوشش میں 72 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد اگلی ہی گیند پر افتخار احمد صفر کے سکور پر محمد عامر کا شکار بن گئے۔
 
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ ملتان سلطانز کا ایونٹ میں پانچواں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا چوتھا میچ تھا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے رواں سیزن میں اب تک چار میچ کھیلے تھے جس میں اسے تین میں فتح جبکہ ایک میں شکست ہوئی۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ابھی تک لیگ میں تین میچ کھیل چکی تھی جس میں اسے تینوں میچوں میں فتح حاصل ہوئی تھی۔
ملتان سلطانز کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، عثمان خان، رِیزا ہینڈرکس، طیب طاہر، افتخار احمد، خوشدل شاہ، ڈیوڈ وِلی، اسامہ میر، آفتاب ابراہیم، عباس آفریدی اور محمد علی شامل تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جیسن روئے، سعود شکیل، خواجہ نافع، رائلی رُوسو (کپتان)، سرفراز احمد، شرفین ردرفورڈ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، عثمان طارق، محمد عامر اور ابرار احمد شامل تھے۔

شیئر: