Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع

پنجابی گلوکار اور ریپر سدھو موسے والا چرن کور اور بلکور سنگھ کی اکلوتی اولاد تھے۔ (فوٹو: سدھو موسے ولا فیس بک)
انڈین ریاست پنجاب کے نامور مقتول گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق خاندانی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سدھو موسے والا کی والدہ چرَن کور حمل سے ہیں اور جلد ہی ان کے ہاں بچے کی پیدائش کی توقع کی جا رہی ہے۔
سدھو موسے والا کے تایا چمکور سنگھ نے ٹربیون انڈیا کو بتایا کہ چرن کور ’آئی وی ایف‘ ٹریٹمنٹ کے ذریعے حاملہ ہوئی ہیں، اسی وجہ سے وہ گزشتہ تین سے چار ماہ سے گھر سے باہر بھی نہیں نکلی ہیں۔ 
اس حوالے سے گلوکار کے والد بلکور سنگھ اور والدہ چرن کور نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
پنجابی گلوکار اور ریپر سدھو موسے والا جنہیں 2022 میں قتل کر دیا گیا تھا، اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھے۔
سنہ 2022 کے الیکشن سے قبل سدھو موسے والا نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور مانسہ ضلع سے کانگریس کے ٹکٹ پر ریاستی اسمبلی کا انتخاب لڑا تھا۔ ان کو عام آدمی پارٹی کے ڈاکٹر وجے سنگلا نے شکست دی تھی۔ اسی سال 29 مئی کو انہیں قتل کر دیا گیا۔
انڈین میڈیا میں اس وقت خبریں گردش کر رہی ہیں کہ اپنے بیٹے کی طرح بلکور سنگھ بھی اس سال سیاسی میدان میں اتر سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر کانگریس کے ٹکٹ پر بھٹنڈہ حلقے سے لوک سبھا الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ چرن کور نے 2018 میں سرپنچ کا انتخاب بھی جیتا تھا۔
سدھو جن کا اصل نام شوبھدیپ سنگھ سدھو تھا، اپنی عمر کے سب سے زیادہ بااثر، کامیاب اور امیر ترین پنجابی موسیقاروں میں سے ایک تھے۔
سدھو موسے والا کے کئی گانے چارٹ بسٹرز تھے اور انہیں بین الاقوامی فنکاروں کی جانب سے بھی پذیرائی ملی۔ سدھو ایک فعال سیاسی قوت کے طور پر ابھرے اور وہ اکثر سماجی اور سیاسی مسائل پر آواز اٹھاتے تھے۔
سدھو کو ان کے گانوں اور میوزک ویڈیوز میں تشدد اور بندوقوں کی مبینہ تشبیح پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ ان کے قتل کے بعد گینگسٹر لارنس بشنوئی نے ان کی موت کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

شیئر: