Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: پوائنٹس ٹیبل پر کون سی ٹیم کہاں کھڑی ہے؟

سنیچر کو راولپنڈی میں شیڈول دونوں میچز بارش کے باعث منسوخ ہو گئے ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں سیزن کے مقابلے جاری ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے مابین اب تک 16 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔
پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے سنیچر کو راولپنڈی میں شیڈول دونوں میچز بارش کے باعث منسوخ کر دیے گئے تھے۔
میچ منسوخ ہونے کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ نے ان دو میچز میں شرکت کرنے والی چاروں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا۔
اب تک کی تازہ ترین صورت حال کے مطابق پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی پوزینشنگ کچھ یوں ہے۔

ملتان سلطانز

پی ایس ایل 2021 کی فاتح ملتان سلطانز نے رواں سیزن میں اب تک سب سے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ ملتان سلطانز پہلے نمبر پر ہے۔ ملتان سلطانز نے اب تک چھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے صرف ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ایس ایل 9 میں اب تک سب سے اچھی پرفارمنس ملتان سلطانز کی رہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے خلاف ملتان سلطانز فتح سمیٹنے میں کامیاب رہی جبکہ پشاور زلمی وہ واحد ٹیم ہے جس نے ملتان سلطانز کو شکست سے دوچار کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر نو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک چھ میچز میں سے چار میں فتح حاصل کی ہے۔
سنیچر کو راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ منسوخ ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک چار میچز میں فتح حاصل کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کامیابی حاصل کی ہے تاہم ملتان سلطانز سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پشاور زلمی

پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اب تک چھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے دو میچز میں شکست اور تین میں فتح حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گئے میچز میں پشاور زلمی کو فتح ہوئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے خلاف پشاور زلمی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اب تک چھ میچز میں حصہ لیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بارش کے باعث منسوخ ہونے والے میچ کے بعد پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔
یوں پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی سات پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

پی ایس ایل کے سیزن 2016 اور 2018 کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک صرف دو میچز جیتے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز سے میچز جیت چکی ہے جبکہ پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ایس ایل 9 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک صرف دو میچز جیتے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بارش کے باعث منسوخ ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو ایک پوائنٹ ملا، یوں پوائنٹس ٹیبل پر یہ ٹیم پانچ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

کراچی کنگز

کراچی کنگز نے اب تک پی ایس ایل کے نویں سیزن میں پانچ میچز کھیلے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست سے دوچار کیا۔

کراچی کنگز نے اب تک پی ایس ایل کے نویں سیزن میں پانچ میچز کھیلے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے خلاف فتح کراچی کنگز کا مقدر بنی۔ یوں پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔

لاہور قلندرز

پی ایس ایل کی تاریخ کے منفرد ریکارڈ کی حامل واحد ٹیم لاہور قلندرز جس نے 2022 میں پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتا اور پھر سیزن 2023 میں اس کا دفاع بھی کیا، رواں سیزن میں سخت مشکلات کا شکار ہے۔

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایک پوائنٹ کے ساتھ آخری پوزیشن پر ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز تاحال کوئی میچ نہیں جیت سکی۔ رواں سیزن میں قلندرز کے پاس صرف ایک پوائنٹ ہے۔
لاہور قلندرز کے حصے میں ایک پوائنٹ اس وقت آیا جب راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے پشاور زلمی کے ساتھ شیڈول میچ منسوخ ہو گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
لاہور قلندرز کو مسلسل چھ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

شیئر: