Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین بار وزیراعلٰی رہنے والے اور دوسری مرتبہ وزیراعظم بننے والے شہباز شریف

11 اپریل کو شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم بنے تھے۔ (فوٹو: نیشنل اسمبلی)
مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔
شہباز شریف ملک کے مسلسل دوسری بار بننے والے وزیراعظم بن گئے ہیں۔ اس سے قبل بے نظیر بھٹو دو مرتبہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہیں تاہم ان کے دونوں ادوار کے درمیان نواز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔
شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائد اور تین مرتبہ وزیراعظم پاکستان رہنے والے میاں نوازشریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔ 
گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کے بعد کاروباری اور عملی سیاست میں ان کا کیرئیر چار دہائیوں پر مشتمل ہے۔ شہباز شریف 1985 میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر بنے۔
1985 میں نواز شریف کی انتخابی مہم چلانے کے دوران وہ میدان سیاست میں اترے اور پہلی مرتبہ 1988 میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ 1990 سے 93 تک قومی اسمبلی کے رکن رہے۔ 1993 میں پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور 1996 تک صوبائی اپوزیشن لیڈر رہے۔ 1997 میں تیسری مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور وزیراعلٰی منتخب ہوئے۔
یہ اسمبلی 1999 میں تحلیل ہو گئی، شہباز شریف گرفتار ہوئے، بعد میں انہیں جلا وطنی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہباز شریف 2008 میں چوتھی مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 8 جون 2008 سے 26 مارچ 2013 تک دوسری مرتبہ وزیراعلٰی پنجاب خدمات سرانجام دیتے رہے۔ مئی 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن بھاری مینڈیٹ کے ساتھ پھر اقتدار میں آئی۔ 
شہباز شریف صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں (پی پی 159، پی پی 161، پی پی 247) اور قومی اسمبلی کی ایک نشست (این اے 129) پر کامیاب قرارپائے۔ انہوں نے پی پی 159 کی نشست برقرار رکھی اور ریکارڈ تیسری مرتبہ وزیراعلٰی پنجاب منتخب ہوئے۔

عملی سیاست میں شہباز شریف کا کیرئیر چار دہائیوں پر مشتمل ہے۔ (فائل فوٹو)

شہباز شریف 2018 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور عمران خان کے مقابلے میں وزیراعظم کا انتخاب لڑا۔ عمران خان 176 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے اور شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے، اس کے بعد شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنے۔ 
عمران خان کے دور حکومت میں شہباز شریف آشیانہ سکینڈل، صاف پانی سکینڈل اور دیگر کئی مقدمات میں گرفتار ہوئے اور جیل میں رہے۔ تاہم بعد ازاں عدالتوں نے انہیں ان مقدمات سے بری کر دیا۔ 
اپریل 2022 میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پی ڈی ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں نے شہباز شریف کو وزارت عظمٰی کا امیدوار نامزد کیا۔ 
11 اپریل کو قومی اسمبلی نے شہباز شریف کو نیا قائد ایوان منتخب کر لیا جس کے بعد شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم بنے۔ 

شیئر: